• news
  • image

صدر گیس کمی کا نوٹس لیں: متحدہ، گورنر سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں جھگڑا

صدر گیس کمی کا نوٹس لیں: متحدہ، گورنر سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں جھگڑا

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن سید حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کراچی میں بجلی اور پانی کا مصنوعی بحران پیدا کیا گیا ہے۔ شہر کو گیس کی فراہمی کم کیوں کی گئی؟ صدر اور حکومت فوری نوٹس لیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا گورنر سندھ سے درخواست کی ہے کے ای ایس سی اور گیس کمپنی انتظامیہ کو اٹھا کر مسائل حل کریں۔ کراچی کا نقصان پورے ملک کا نقصان ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ ملک کوتوانائی سمیت تمام بحرانوںسے نکالنے کیلئے ہرممکن کردار ادا کرنے کےلئے تیار ہے تاہم ایک گھرکوروشن کرنے کیلئے دوسرے گھر کو اندھیروں میں دھکیلنے سے وفاقیت متاثر ہو گی ،پورے پاکستان کا ہرمسئلہ چاہے وہ دہشت گردی کا ہو، معاشی یا توانائی کا بحران ہو، ایم کیو ایم سمجھتی ہے کہ وہ ہمارا مسئلہ ہے اور اس کا حل تلاش کرنا ایم کیوایم کی اولین ترجیح ہے۔ مزید براں بجلی بحران کے حل کے لئے بلوایا گیا اجلاس جھگڑے کی نذر ہو گیا۔ کے ای ایس سی اور ایس ایس جی سی حکام کے درمیان تلخ کلامی کے بعد دونوں نے ایک دوسرے پر الزامات کی بارش کر دی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی زیرصدارت گورنر ہاﺅس میں بجلی بحران سے متعلق اجلاس میں کے ای ایس سی اور سوئی گیس حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کے ای ایس سی اور ایس ایس جی سی حکام کے درمیان تلخ کلامی کے بعد دونوں جانب سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کئے گئے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی اور کے ای ایس سی کے درمیان واجبات کی ادائیگیوں کے تنازعے معاملے پر شہریوں کو تکلیف میں نہ ڈالا جائے۔
متحدہ / جھگڑا

epaper

ای پیپر-دی نیشن