پشاور میں پولیو ٹیم پر حملہ‘ خاتون ورکر جاں بحق‘ عالمی ادارہ صحت نے کام سے روک دیا
پشاور +کراچی + لاہور (نوائے وقت نیوز+بی بی سی+خصوصی رپورٹر+ رائٹرز) پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں انسداد پولیو کی ٹیم پر فائرنگ سے خاتون ورکر جاں بحق ہوگئی۔ پشاور اور نیم قبائلی علاقے درہ آدم خیل کے سنگم پر واقع گاو¿ں بڈھ بیر میں بچوں کو پولیو سے بچاو¿ کے قطرے پلائے جا رہے تھے کہ اس دوران محکمہ صحت کی اہلکار خواتین پر دو افراد نے فائرنگ کر دی جس سے ایک اہلکار جاں بحق ہو گئی جبکہ دوسری خاتون شدید زخمی ہو گئی جسے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور پہنچایا گیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور سیاہ کپڑے پہنے ہوئے تھے جنہوں نے چہرے ڈھانپ رکھے تھے۔ پشاور اور آس پاس کے علاقوں میں حملوں کے خطرے کے پیش نظر اب باقاعدہ اعلان کر کے مہم نہیں چلائی جاتی بلکہ پولیو سے بچاو¿ کے قطروں سے محروم رہ جانے والے بچوں کو مختلف دنوں میں قطرے پلانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ایس پی رورل شفیع اللہ کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کی نشاندہی پر قاتلوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب پولیو ٹیم پر حملہ کے بعد عالمی ادارہ صحت نے پشاور میں عملے کو کام کرنے سے روک دیا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق بیشتر علاقوں میں انسدادِ پولیو مہم کے کارکنوں نے کام کرنے سے انکارکر دیا ہے جس کے باعث تمام عملے کو کام کرنے سے روک دیا گیا۔ مانیٹرنگ ٹیمیں بھی پشاور میں کام کر رہی تھیں ان کو بھی روک دیا گیا ہے۔ انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کرنے والے حملہ آوروں کا تعاقب کرنے والے میں سب انسپکٹر سلیم خان دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے۔ عالمی ادارہ صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پشاور میں پولیو ٹیموں پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ پولیو ٹیموں پر حملے کسی صورت قابل قبول نہیں۔ موجودہ صورت حال پر خیبر پی کے حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے علما سے انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل کر دی۔ادھر سندھ کے علاقے گڈاپ میں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم کو بچوں کو قطرے پلانے سے روک دیا۔ دوسری جانب پشاور میں پولیو مہم کے رابطے کار نے بی بی سی کو بتایا کہ اس حملے کے تناظر میں ابھی تک پولیو مہم معطل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا منگل کی شام کو اجلاس طلب کیا گیا جس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ صدر آصف زرداری مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف اور نامزد وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلانے والی ٹیم پر حملہ کی پرزور مذمت کی ہے۔ خیبرپی کے کے گورنر انجینئر شوکت اللہ پولیو ٹیم پر حملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور کہا یہ یقیناً انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پولیو ورکرز پر حملے کی مذمت کی اور کہا پولیو ورکرز پر حملہ ناقابل قبول ہے۔ دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔