ہائیکورٹس نے نام دیدیئے‘ 14 نئے الیکشن ٹربیونلز قائم‘ 13 مزید بنائے جائیں گے
اسلام آباد (اے پی پی + نوائے وقت نیوز) الیکشن کمشن نے انتخابی عذر داریاں نمٹانے کیلئے پہلے سے قائم 14 الیکشن ٹربیونلز ختم کر کے متعلقہ ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی مشاورت سے نئے ٹربیونلز قائم کر دیئے ہیں جبکہ ٹربیونلز کی تعداد بڑھا کر 27 کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمشن کے فیصلہ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی طرف سے سندھ کے تین ٹربیونلز ختم کرنے کے فیصلہ کی روشنی میں کمشن نے پہلے سے قائم 14 الیکشن ٹربیونلز ختم کر کے نئے ٹربیونلز قائم کر دئیے ہیں۔ ان میں شامل سابق ججز کی تعیناتی متعلقہ چیف جسٹس ہائی کورٹس کی مشاورت سے کی گئی ہے۔ پنجاب میں 5، باقی تین صوبوں میں تین تین ٹربیونلز قائم کئے گئے ہیں جبکہ مزید 13 انتخابی ٹربیونلز قائم کئے جائیں گے۔ پنجاب میں 5 نئے، سندھ اور خیبر پی کے میں تین تین اور بلوچستان میں دو نئے ٹربیونلز قائم کئے جائیں گے۔ اس طرح کل 27 ٹربیونلز قائم کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں چاروں ہائیکورٹس نے الیکشن ٹربیونلز کے لئے نام تجویز کر دئیے۔ الیکشن کمشن کو چاروں ہائیکورٹس کے خطوط مل گئے جس میں ججز کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔ مزید برآں نوائے وقت نیوز کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن ٹربیونلز کے لئے ججز کو نامزد کر دیا۔ کراچی کے لئے ظفر خان شیروانی‘ حیدر آباد کے لئے اشفاق بلوچ جبکہ سکھر کے لئے ظہیر لغاری کو الیکشن ٹربیونل کے لئے نامزد کیا ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کو تجویز بھی دی کیسز زیادہ ہیں۔ مزید 3 ٹربیونلز قائم کئے جائیں۔