• news

کراچی سٹاک مارکیٹ میں رواں مالی سال کی ریکارڈ تیزی

کراچی+ لاہور (مارکیٹ رپورٹر+ سٹی رپورٹر) کراچی سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو رواں مالی سال کی سب سے بڑی تیزی ریکارڈ کی گئی اور کے ایس ای 100انڈیکس بیک وقت 21000, 21100, 21200, 21300, 21400 اور 21500 کی نفسیاتی حدیں عبور کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے معیشت کی بہتری کیلئے پلان مرتب کرنے اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے سمیت سعودی عرب کی جانب سے مجوزہ قرضوں کی فراہمی کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ مارکیٹ میں سرگرم نظر آئے جس سے سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 17ارب 48کروڑ 81لاکھ 82ہزار 689روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مجموعی سرمایہ کاری کی مالیت بڑھ کر 52 کھرب 21 ارب58 کروڑ 26 لاکھ 69 ہزار 365 روپے ہو گئی۔ مجموعی طور پر کاروباری حجم 30کروڑ 50لاکھ 7ہزار 590شیئرز رہا جو کہ پیر کے مقابلے میں 7کروڑ 1لاکھ 60ہزار 380 شیئرز زائد تھا۔ دریں اثناءلاہور سٹاک ایکسچینج بھی روزتیزی کا رجحان رہا مجموعی طور پر 110 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 51 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا، 5 کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی جبکہ 54 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس91.83 پوائینٹس کے اضافہ کے ساتھ4526.31 پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں 64 لاکھ 10ہزار 940 حصص کا کاروبار ہوا۔ 

ای پیپر-دی نیشن