مسلم لیگ ن ‘ جمعیت علمائے اسلام ف میں مذاکرات ‘ معاملات طے پا گئے‘ حتمی اعلان پارٹی قیادت کرے گی
لاہور(آن لائن)مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) میں معاملات طے پاگئے‘حتمی فیصلہ نواز شریف‘ فضل الرحمن ملاقات میں کیا جائےگا۔ مذاکراتی ٹیموں کے پہلے اجلاس کی روداد جبکہ جے یو آئی (ف) کے مرکزی ترجمان نے اور جمعیت کے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کے تسلسل کی خاطر مسلم لیگ (ن) کیساتھ مذاکرات کررہے ہیں البتہ آنے والی حکمران جماعت نے کسی وزارت یا اسلامی ممالک میں اپنے لوگوں کو بطور سفیر تعیناتی کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) اور جمعیت علماءاسلام (ف) کے درمیان ایک ہفتے سے زائد وقت کے تعطل کے بعد دوبارہ مذاکرات گذشتہ رات ہوئے۔ جے یو آئی (ف) کی جانب سے سیکرٹری جنرل مولانا غفور حیدری اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سینیٹر پرویز رشید نے اپنی اپنی جماعتوں کی نمائندگی کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں مرکز میں حکومت سازی اور خیبر پی کے میں سیاسی حکمت عملی کے معاملات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) نے جے یو آئی (ف) پر زور دیا کہ جمہوری تسلسل اور استحکام ملک کیلئے ضروری ہے اسلئے جمہوری قوتوں کو مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینا چاہئے جس پر مولانا عبدالغفور حیدری نے یقین دلایا کہ جمہوریت کے فروغ اور استحکام کیلئے جمعیت علمائے اسلام (ف) بھرپور ساتھ دے گی اور ملکی مفاد کے پیش نظر آئندہ کی حکمت عملی کو وضع کئے جائے گا۔ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن)ی دور حکومت میں قرآن و سنت کے منافی کسی بھی قسم کی قانون سازی نہیں کی جائے گی اور ماضی میں قومی معاملات پر پاس ہونے والی مصدقہ قراردادوں پر عملدرآمد کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائےگا۔ مولانا غفور حیدری نے سینیٹر پرویز رشید کو یقین دلایا کہ اسلامی قانون سازی میں جمعیت بھرپور معاونت کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات میں جے یو آئی (ف) کی طرف سے رکھے جانے والے مطالبات پر غور کیا گیا اور جے یو آئی (ف) کو یقین دلایا گیا کہ ان کی جانب سے آنے والے مطالبات پر مسلم لیگ (ن)ی قیادت سنجیدگی سے غور کررہی ہے البتہ جمیعت کو مزید لچک کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) نے ایک سے زائد وزارتوں اور کم از کم دو اسلامی ممالک میں سفراءکی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے البتہ مسلم لیگ (ن) ایک وزارت دینے سے آگے نہیں بڑھ رہی جس پر ذرائع کے مطابق جمعیت نے اپنے موقف میں لچک کا مظاہرہ کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مرکز میں حکومت سازی میں مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ایک دو روز میں رائیونڈ میں میاں نواز شریف کی رہائشگاہ پر جائیں گے اور مسلم لیگ (ن)ی سربراہ سے ملاقات میں دونوں جانب سے کئے جانے والے مذاکرات اور ان میں ہونے والی پیشرفت کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے مرکزی ترجمان جان اچکزئی نے ”آن لائن“ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) جمہوری استحکام اور جمہوریت کے تسلسل کیلئے مسلم لیگ (ن) سے مذاکرات کررہی ہے البتہ انہوں نے کسی وزارت یا کسی ملک میں سفیر کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔