” الزامات“ متحدہ نے بھی برطانوی حکومت سے رابطہ کر لیا، کارکنوں کے قتل کا نوٹس لیا جائے، الطاف
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے الزامات پر ایم کیو ایم نے برطانوی حکومت سے رابطہ کر لیا۔ فاروق ستار نے برطانوی حکومت کو خط میں کہا ہے کہ الطاف حسین نے تین تلوار پر تحریک انصاف کے دھرنے پر دھمکی نہیں دی تھی۔ الطاف حسین نے کہا تھا کہ وہ لڑائی نہیں چاہتے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے بیان کی سی ڈی برطانوی پارلیمنٹ کو پہنچا دی گئی ہے۔ دریں اثنا ایک بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوںایم کیوایم ناظم آباد سیکٹر ،یونٹ 183 کے انچارج سرفراز احمد ، ایم کیوایم شاہ فیصل کالونی سیکٹر کے کارکن یاسر اقبال ، ایم کیوایم قصبہ علی گڑھ سیکٹر کے کارکن فیصل ملک کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک منظم سازش کے تحت ایم کیو ایم کے کارکنان کو ماورائے عدالت قتل اور دہشت گردی کا نشانہ بناکر شہید وزخمی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے بے گناہ ذمہ داروں اور کارکنوں کو شہید وزخمی کرنے کے واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور سفاک قاتلوں کو گرفتارکرکے سخت ترین سزا دی جائے۔