”یہ قتل نہیں قتل عام ہے“ چیف جسٹس نے سانحہ گجرات کا ازخود نوٹس لے لیا
اسلام آباد (ثناءنیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری نے گجرات میں سکول ویگن میں آگ لگنے کے نتیجہ میں بچوں اور سکول ٹیچر کی ہلاکت کے واقعہ کا ازخود نوٹس لے لیا ازخود نوٹس کیلئے پی پی رہنما بابر اعوان اور ایک اور درخواست گذار نے درخواستیں دائر کی تھیں، درخواستوں میں ازخود نوٹس لینے اور واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمشن تشکیل دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب، سکول انتظامیہ اور سیکرٹری پٹرولیم کو چار جون کو واقعہ کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے، کیس کی سماعت چار جون کو ہو گی۔ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ واقعہ قتل نہیں بلکہ قتل عام ہے، دولت کی ہوس میں مبتلا ٹرانسپورٹر بھی جرم میں برابر کے شریک ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتہ کو گجرات میں ایک سکول وین کو اس وقت آگ لگ گئی تھی جب ڈرائیور نے سی این جی ختم ہونے کے بعد انجن کو پٹرول پر شفٹ کرنے کی کوشش کی تھی۔