کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ختم کرنا چاہتے ہیں‘ سندھ حکومت کو بھی امن قائم کرنے کا کہیں گے: نوازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر+اے پی اے) مسلم لیگ (ن) کے صدر و متوقع وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت توانائی بحران کے حل کیلئے گزشتہ روز جاتی عمرہ رائیونڈ میں پارٹی کے مرکزی رہنماو¿ں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں چودھری نثار، اسحاق ڈار، شوکت ترین، خواجہ آصف، سرتاج عزیز، احسن اقبال اور پرویز رشید بھی شریک ہوئے۔ میاں منشاءسمیت ماہرین بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران لوڈشیڈنگ میں کمی اور متبادل ذرائع سے بجلی حاصل کرنے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی پہلی ترجیح عوام کو بجلی کی فراہمی ہے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ہم سب کو دن رات لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے کام کرنا ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کی جائے گی۔ نوازشریف نے مزید کہا کہ گنے اور پھوگ سے سستی بجلی پیدا ہوتی ہے تاہم اس کے لئے وقت درکار ہے۔ انتظامی معاملات کو ٹھیک کرنے کے لئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔ بیرونی سرمایہ کاری کے ساتھ سرمایہ دار ملک میں بجلی کےلئے سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی فنڈز کو منجمد کرنے کا ارادہ نہیں۔ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کےلئے جان تک لڑا دینگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اسی لئے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے دن رات مشاورت کا عمل جاری ہے۔ نوازشریف کاکہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، توانائی بحران سے ملک کی معیشت کا برا حال ہے اگر توانائی بحران پر قابو پا لیا تو ملک ترقی کے راستے پر چل پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیک نیتی اور ثابت قدمی دکھائیں گے اور اللہ کے فضل سے اسی سے کامیابی ملے گی۔ مسلم لیگ (ن) نے خسارے میں چلنے والی 5 کارپوریشنوں کے سربراہوں کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے ان اداروں میں پی آئی اے، پاکستان سٹیل، ریلوے، واپڈا اور نیشنل شپنگ کارپوریشن شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اداروں کے نئے سربراہوں کی تقرری کے لئے اخبارات میں اشتہارات دیئے جائیں گے۔ سربراہوں کی تبدیلی کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے توانائی سے متعلق ہونے والے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا اور نوازشریف کے وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعد مذکورہ فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق 5 کارپوریشنوں کا خسارہ 400 ارب روپے ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن اقتدار سنبھالتے ہی تمام بڑے اداروں کے افسران کو ہٹا دے گی۔ اخبارات میں اشتہارات دے کر قابل اور اہل افسران کو تعینات کیا جائے گا۔مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور نامزد وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران کا خاتمہ ان کی حکومت کی پہلی ترجیح ہو گی جبکہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے وفد نے میاں نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ حلف اٹھانے کے بعد تھرپارکر جا کر تھرکول منصوبے کا دورہ کریں گے۔ بجلی بحران کا خاتمہ ان کی حکومت کی پہلی ترجیح ہو گی جبکہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ کرینگے اور جنہیں سندھ کے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے انہیں بھی امن و امان کا کہیں گے۔ تفصیلات کیمطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ و نامزد وزیرا عظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر کسی کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے سندھ حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے جبکہ دور دراز علاقوں میں وفاق کے فنڈز سے دانش سکول بنائے جائینگے‘ جہاں جہاں توانائی کے منصوبے شروع ہوں گے وہاں خود جاﺅں گا جبکہ حلف اٹھانے کے بعد تھرکول پراجیکٹ کا دورہ کروں گا۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے سندھ سے آنےوالے پارٹی رہنماﺅں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نوازشریف نے کہا کہ بجلی بحران سے جلد سے جلد نمٹنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائےگی اور اس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ اولین ترجح ہے اور اس کے لئے وفاقی حکومت سندھ حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی جبکہ سندھ کے دور دراز علاقوں میں وفاق کے فنڈز سے دانش سکول بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس کو جہاں بھی مینڈیٹ ملا ہے اس کا احترام کرتے ہیں اور چاروں صوبوں کو بلاتفریق ساتھ لیکر چلیں گے۔
اسلام آباد (ثناءنیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی آئندہ ہفتے برسراقتدار آنے والی حکومت کے بارے میں پارٹی کی جانب سے غیر معمولی نوعیت کے فیصلے کر لئے گئے ہیں، وزیراعظم ہاﺅس کو استعمال نہ کرنے پر بھی غور شروع کر دیا گیا ہے، وزرا کی گاڑیوں پر جھنڈے اور سکیورٹی گارڈز ساتھ نہ رکھنے کے حوالے سے بھی اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے، مرکز میں 26 وزارتیں اور پنجاب حکومت کو 32 وزارتوں تک محدود کر دیا جائیگا وزیراعظم ہاﺅس کو کسی بڑے قومی تعمیری مقصد کیلئے استعمال کیا جائے گا، نوازشریف کا وزیراعظم کی حیثیت سے پروٹوکول بھی انتہائی محدود کانوائے بھی مختصر ہو گا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے پارٹی کے قائد میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں برسر اقتدار آنے والی حکومت کے حوالے سے اہم نوعیت کے فیصلے کر لئے گئے ہیں، نوازشریف بحیثیت وزیراعظم، وزیراعظم ہاﺅس میں قیام نہ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، انٹیلی جنس کی رپورٹس کی بنیاد پر نوازشریف وزیراعظم کی حیثیت سے کسی محدود جگہ پر رہائش اختیار کریں گے پہلے بجٹ کے ذریعے عوامی ریلیف سے متعلق بھی فیصلے کر لئے گئے ہیں تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کے بجٹ کے حوالے سے بچت کو بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لئے استعمال کیا جائیگا، اصولی طور پر یہ بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ وزرا اپنی گاڑیوں پر جھنڈے نہیں لگائیں گے اس طرح سکیورٹی گارڈز بھی ساتھ نہیں ہونگے۔