سندھ اسمبلی: بیلٹ پیپرز پر شہلا کی بجائے سراج درانی کا نام
کراچی (ثناءنیوز/ این این آئی) سندھ اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے پولنگ کے دوران انوکھا واقعہ رونما ہوا بعض ارکان کو ایسے بیلٹ پیپرز جاری کر دئیے گئے، جن پر پیپلز پارٹی کی ڈپٹی سپیکرز کی امیدوار سیدہ شہلا رضا کے نام کی جگہ آغا سراج درانی کا نام چھپا ہوا تھا۔ اس کا پتہ اس وقت چلا جب 60 ارکان اپنا حق رائے دہی استعمال کر چکے تھے۔ سپیکر آغا سراج درانی نے ڈالے گئے 60 ووٹ اور مذکورہ بک کو سربمہر کرا دیا اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ایک رکن کی نشاندہی پر سپیکر سندھ اسمبلی نے ووٹنگ کا عمل روک دیا۔ اس پر ایوان میں زبردست ہنگامہ آرائی ہوئی۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کی ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لئے امیدوار اور ایم کیو ایم کی امیدوار ہیر اسماعیل سوہو نے پولنگ جاری رکھنے پر زور دیا جبکہ پیپلز پارٹی کی امیدوار سیدہ شہلا رضا اور دیگر پیپلز پارٹی کے ارکان نے تمام ووٹ ضائع کر کے دوبارہ پولنگ کرانے کے لئے دلائل دئیے۔ سپیکر آغا سراج نے فریقین کی بات سننے کے بعد یہ رولنگ دی کہ تمام ووٹ خارج کر کے دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔ اس سارے عمل میں دو گھنٹے سے زائد وقت ضائع ہو گیا۔