حکم کی تعمیل نہ کرنے پر بھارتی آرمی چیف کو توہین عدالت کا نوٹس
نئی دہلی (اے پی پی) نئی دلی ہائی کورٹ نے سابق آرمی چیف وی کے سنگھ سمیت پانچ فوجی افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے کے عدالت کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پربھارتی فوج کے سربراہ جنرل بکرم سنگھ سے جواب طلب کیا۔ اس سلسلے میں توہین عدالت کی درخواست ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل تاجندر سنگھ نے دائر کی تھی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عدالت نے بھارتی آرمی چیف کے علاوہ اس وقت کے سیکرٹری دفاع ششی کانت شرما جنہیں حال ہی میں کنٹرولر اور آڈیٹر جنرل آف انڈیا مقرر کیا گیا ہے کے خلاف بھی توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے۔ تاجندرسنگھ کی اس درخواست کہ عدالتی احکامات کے باوجود بھارتی فوج کے سربراہ اور سیکرٹری دفاع جنرل وے کے سنگھ اور دیگر افسران کے خلاف کارروائی کرنے میںناکام رہے ہیں جنہوںنے توہین آمیز پریس ریلیز جاری کی تھی۔ جسٹس جی ایس سستانی نے جنرل بکرم سنگھ اور سابق سیکرٹری دفاع کو نو ستمبر تک اپنا جواب پیش کرنے کی ہدایت کی۔ تاہم عدالت نے بھارتی وزیر دفاع کو توہین عدالت کا نوٹس جاری نہیں کیا ہے۔