طالبان نے دلبرداشتہ ہو کر مذاکرات ترک کئے، عالمی اداروں نے قیام امن کا موقع گنوا دیا، فضل الرحمن
اسلام آباد(ثناءنیوز)جمعیت علما اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان نے طالبان کی جانب سے امن مذاکرات کی پیش کش کو ترک کرنے کے اقدام پر کہا ہے بین الاقوامی اداروں نے پاکستان میں داخلی امن کے قیام کے لئے ایک اچھا موقع گنوا دیا۔ ترجمان جان اچکزئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا طالبان کے ساتھ امن و امان قائم کرنے کے لئے مذاکرات کا ایک اچھا وقت تھا ۔طالبان نے مایوسی کے عالم میں انتخابات سے پہلے بھی مذاکرات منسوخ کئے تھے کیونکہ اس وقت حکومت نے کوئی مثبت ردعمل ظاہر نہیں کیا ۔انہوں نے کہا آئندہ حکومت کوڈرون حملوں کے حوالے سے مر بو ط حکمت عملی اپنانے کا چیلنج درپیش ہو گا۔انہوں نے کہا اب جبکہ طالبان نے دل برداشتہ ہو کر مذاکرات کی پیش کش ترک کرنے کا یہ اقدام اٹھایا ہے۔ تمام ادارے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں، سوچیں انہیں آگے کیا کر نا ہے۔