”حملوں کیخلاف مینڈیٹ ملا“ نوازشریف پہلا فیصلہ ڈرون روکنے یا گرانے کا کریں : عمران
لاہور (سپیشل رپورٹر + ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف اپنی حکومت کا آغاز ڈرون حملوں کو روک کر یا انہیں مار گرا کر کریں تو ان کا بھر پور ساتھ دیں گے۔ پاکستان میں ڈرون حملے کسی بھی صورت برداشت نہیں کئے جاسکتے یہ ملکی خود مختاری کے خلاف ہیں اس کے علاوہ اس سے بے گناہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ہماری جماعت کا اس حوالے سے مو¿قف واضح ہے، عوام نے ڈرون مخالف پالیسیاں رکھنے والی جماعتوں کو منتخب کیا ہے عوام پرویز مشرف کی پالیسیاں مسترد کر چکے ہیں۔ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی تاریخ نہ دینے کے بیانات کو قوم قبول نہیں کریگی‘ انتخابات میں سامنے آنےوالی کوتاہیوں ‘ دھاندلی کے فیکٹر کا جائزہ لینے اور ضمنی انتخابات کی منصوبہ بندی کےلئے 8تا 23جون تک پنجاب کے تمام اضلاع کے اجلاس بلائے جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے دیگر کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے عمران خان کا بیان پڑھ کرسنایا۔ اعجاز چوہدری نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام نے پرویز مشرف اور اسکی پالیسیوں کو لیکر چلنے والوں کو مسترد کیا اور ڈرون حملوں کیخلا ف نواز شریف کو مینڈیٹ دیا ہے ۔ انہوں نے عمران خان کا بیان پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ ہم کسی صورت ڈرون حملوں کو برداشت نہیں کرتے، نواز شریف کو عوامی سطح پر جو قوت چاہیے وہ ہم دیں گے لیکن وہ اپنی ذمہ داری ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم میں صبر اور استقامت کی صلاحیت ہے، مرکزی اور صوبائی حکومتیں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی تاریخ دیں قوم اس پر اطمینان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف انتخابات میں دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کی حقیقی نمائندگی کریں گے ، ہم نہ صرف دوسروں بلکہ اپنوں کا بھی کڑا احتساب کریں گے۔ خیبر پی کے میں اتحادیوں نے ہمارے منشور پر چلتے ہوئے حکومت میں ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ہم خیبر پی کے حکومت پر بھی کڑی نظر رکھیں گے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر چھ حلقوں میں تھم ایمپریشن کے تحت دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پنجاب اسمبلی میں دوسری پارٹیوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں تاہم پنجاب اسمبلی میں کردار کے حوالے سے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد آج اعلان کیا جائے گا ۔ اس موقع پر مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے شاہ زین‘ اعظم دانیال‘ ارشاد الحق‘ میاں عقیل‘ مسعود احمد سعد ‘ انا طاہرہ سمیت دیگر نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔گورنر پنجاب احمد محمود نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے عمران خان کی عیادت کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔