• news

دورہ یورپ‘ قومی جونیئر ٹیم آج روانہ ہو گی‘ کھلاڑی اچھا پرفارم کرینگے: رانا مجاہد

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم عمر بھٹہ کی قیادت میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیان شب لاہور سے دورہ یورپ کے لیے روانہ ہوگی۔ قومی ٹیم یکم سے 16 جون تک منعقد ہونے والے دورہ میں ہالینڈ اور جرمنی کے خلاف تین تین جبکہ بیلجیئم کے ساتھ دو میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے دورہ یورپ کے لیے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں محمد عمر بھٹہ (کپتان)، کاشف شاہ (نائب کپتان)، مظہرعباس، امین یوسف، محمد خالد ، فیصل قادر، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، عماد شکیل بٹ، تصور عباس، کاشف جاوید، محمد عرفان، محمد دلبیر، علی شان، محمد سلیمان، ،محمد عمیر، محمد رضوان اور حافظ محمد رضوان علی شامل ہیں۔ جونیئر ٹیم مینجمنٹ میں چیف کوچ و مینجر رانا مجاہد، دانش کلیم اور انجم سعید معاون کوچ مقرر کیے گئے ہیں۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ جونیئر ورلڈ کی تیاریوں کے سلسلہ میں قومی ٹیم کا دورہ یورپ بڑا اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پہلا موقع ہے کہ جونیئر ٹیم یورپی ٹیموں کے خلاف اہم ٹورنامنٹ سے قبل 8 میچوں کی سیریز کھیلنے جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جونیئر ٹیم کے ڈیفنس اور شاٹ کارنر پر ابھی بھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے تاہم میں توقع کرتا ہوں کہ جونیئر ٹیم یورپ کے دورہ میں اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جونیئر ورلڈ کپ کے ایونٹ کو مد نظر رکھ کر ہم نے اپنے کھلاڑیوں کی تیاری کا شیڈول ترتیب دیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاءاور سیکرٹری آصف باجوہ نے قومی کھیل کو ترقی دینے کے لیے گراس روٹ لیول پر زیادہ توجہ دینا شروع کی ہے جس کی وجہ سے ہمارے پاس جونیئر کھلاڑیوں کا اچھا پول موجود ہے۔ جونیئر کھلاڑی دورہ یورپ میں یورپی ٹیموں کے خلاف کھیل کر اپنے تجربہ میں اضافہ کرینگے جو ورلڈ کپ میں کام آئے گا۔ فٹنس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کی عزت کا سوال ہوتا ہے لہذ ان فٹ کھلاڑیوں کو قومی سکواڈ کا حصہ بنا کر کوئی رسک نہیں لیا جا سکتا۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس دورہ میں کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پا کر انہیں ایک وننگ یونٹ میں ڈھال دیں تاکہ جونیئر ورلڈ کپ میں اچھے نتائج حاصل ہو سکیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن