• news

چیمپئنز ٹرافی چیلنج‘ جیت کیلئے میدان میں اتریں گے: کامران اکمل

برمنگھم (اے پی پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا ہے کہ وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کےلئے ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے، کامیابی حاصل کرنے کے لیے سر توڑ کوشش کریں گے۔ چیمپئنز ٹرافی کے آخری ایڈیشن کا آغاز 6 جون سے ہو رہا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ ٹورنامنٹ کےلئے ہر کھلاڑی نے بھرپور تیاری کی ہے، ہم جیت کا عزم لئے انگلینڈ آئے اور چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمارے گروپ میں شامل تمام ٹیمیں سخت ہیں مگر ہم انہیں شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ انگلش کنڈیشنز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ دو ماہ سے گرم مرطوب کنڈیشنز میں کرکٹ کھیلی ہے، انگلش کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونا کھلاڑیوں کےلئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں تمام کھلاڑی باصلاحیت اور اچھی فارم میں ہیں اور ہم جیت کے جذبہ سے میدان میں اتریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ سے قبل دو وارم اپ میچ کھیلے گی، پاکستان دوسرا ورام اپ میچ 3 جون جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان کی ٹیم کو گروپ بی میں روایتی حریف بھارت، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ اے میں آسٹریلیا، انگلینڈ، سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ شامل ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن