کراچی: خصوصی عدالت نے اغوا برائے تاوان کے 3 مجرموں کو 35، 35 سال قید کی سزا سنا دی
کراچی (آئی این پی) کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اغوا برائے تاوان کے 3 مجرموں کو 35، 35 سال قید کی سزا سنا دی۔ اغوا برائے تاوان میں ملوث تینوں ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے تینوں ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے انہیں پینتیس سال قید کی سزا سنائی جبکہ عدالت نے ملزمان پر بیس بیس ہزار روپے جرمانہ اور ان کی جائیداد کی ضبطگی کا بھی حکم دیا۔ مجرموں کے نام واحد بخش، سردار خان اور حسین بخش ہیں۔ تینوں ملزموں نے 2010ءمیں سعید نامی شخص کو اغوا کر کے 70 لاکھ روپے طلب کئے تھے۔