• news

سپریم کورٹ نے جے یو آئی (ف) کے رکن قومی اسمبلی آغا محمد کو حلف لینے سے روک دیا

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے انتخابات میں کامیاب ہونیوالے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولوی آغا محمد کو قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے سے روکدیا ہے۔ عدالت نے اٹارنی اور الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12 جون کو رپورٹ طلب کر لی ہے۔ مولوی آغا محمد کے حلقہ این اے 261 پشین کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے تھے۔ عدالت عظمیٰ نے انہیں جعلی ڈگری کے معاملے پر مشروط طور پر الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو این اے 261 پشین بلوچستان سے کامیاب ہونے والے کامیاب امیدوار مولوی آغا محمد خود عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے بتایا جعلی ڈگری کے معاملے پر الیکشن ٹربیونل اور بلوچستان ہائیکورٹ نے ان کے خلاف فیصلہ دیا تھا جس کی انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تو انتخابات 2013ءکی آمد پر انہیں کیس کا فیصلہ ہونے تک مشروط طور پر الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی لہٰذا عدالت سے استدعا ہے وہ انہیں کلیئر کرے تاکہ وہ قومی اسمبلی کا حلف اٹھا سکیں۔ عدالت میں ان کے مخالف امیدوار محمد عیسیٰ روشن نے مقدمہ میں فریق بننے کے لئے درخواست دائر کی جسے عدالت نے سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے مذکورہ کیس سے منسلک کر دیا جبکہ اٹارنی جنرل اور الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 12 جون کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن