• news

نوازشریف نے 20 رکنی وفاقی کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دیدی

اسلام آباد (محمد نوازرضا+وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے نوازشریف نے 20 رکنی وفاقی کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے۔ چودھری نثار علی خان نے سپیکر کی پیشکش قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے تاہم انہوں نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ قومی اسمبلی کا سپیکر چھوٹے صوبوں سے بنایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے صدر محمد خان اچکزئی کو سپیکر بننے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انکے بارے میں ابھی تک صورتحال واضح نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق اسحٰق ڈار کو وزارت خزانہ اور خواجہ آصف کو وزارت توانائی کا قلمدان دینے کا حتمی فیصلہ ہوچکا ہے۔ وفاقی کابینہ میں ڈویژن کی سطح پر نمائندگی دی جائیگی۔ وفاقی کابینہ میں فنکشنل لیگ، جمعیت علما اسلام (ف)، نیشنل پارٹی اور پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کو بھی شامل کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق پرویز رشید، خرم دستگیرخان، ایاز صادق، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، سردار یوسف، پیر صدرالدین راشدی، خواجہ سعد رفیق، چودھری جعفر اقبال کو وفاقی وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری کو ڈپٹی سپیکر بنانے کی تجویز زیرغور ہے۔

ای پیپر-دی نیشن