• news

ملک کو چیلنجز سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا : صدر زرداری

کراچی (سٹاف رپورٹر) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے تمام جماعتوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنایاجاسکے۔ حکومت نے عام انتخابات کراکے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا ہے اور انتقال اقتدار کا مرحلہ بھی آئین کے مطابق خوش اسلوبی سے مکمل کرلیا جائے گا ۔کراچی میں قیام امن سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور بلاتفریق سخت ترین ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاو¿س میں سندھ کے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ اور صوبائی وزراءسے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ صدر نے قائم علی شاہ کو وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی صورتحال ،سندھ میں حکومت سازی ،کراچی میں امن و امان کی صورتحال ،آئندہ سندھ حکومت کی ترجیحات پر وزیر اعلیٰ نے صدر مملکت کو تفصیلی بریفنگ دی ۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی کے سبب آج ملک میں جمہوریت مضبوط ہوچکی ہے ۔تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک جمہوری حکومت نے اپنی مدت مکمل کی۔ صدر نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے، قیام امن، معیشت کی مضبوطی، توانائی کے بحران سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتیں ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کیلئے متحد ہو کر کام کریں ۔صدر نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہونی چاہیے اور عوامی نمائندے عوام کے درمیان رہ کر عوام کے مسائل حل کریں ۔صدر نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی اور صنعتی حب ہے۔کراچی کے امن سے ملک کی ترقی وابستہ ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ صدر نے مزید ہدایت کی کہ صوبے کے مسائل کے حل کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں اور ان کی مشاورت سے مسائل حل کریں۔

ای پیپر-دی نیشن