کراچی : بے چہرہ ملزموں سے ہر کوئی آشنا ہے‘ بے نقاب نہ کرنا غفلت ہے : چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ
کراچی(نوائے وقت نیوز + اے پی اے) سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم نے کہا ہے کہ حکومت آئین اور قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے۔ وکلا ہمت سے ایسے اقدامات کی پیروی کریں۔ بے شمار لوگوں کو عدالتی دائرہ اختیار سے باہر رکھنے کیلئے فاٹا کے حراستی مراکز میں رکھا جارہا ہے۔ فل کورٹ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کی بحالی کیلئے کچھ نہ کیا تو مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کراچی میں بے چہرہ ملزموں سے ہر کوئی آشنا ہے یہ ہماری غفلت ہے کہ بے چہرہ ملزموں کو بے نقاب نہیں کرتے۔ سیاسی مصلحتوں پر بھروسہ بڑھا تو گارنٹی نہیں کہ حکومت مدت پوری کرسکے گی یا نہیں، ہمیں رویوں کو بدلنا ہوگا اور نظریں چرانا چھوڑنا ہوگا۔ لاپتہ افراد کیس میں ایڈووکیٹ جنرل آفس اور دیگر ادارے عدلیہ کا ساتھ دے رہے ہیں۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ عوام کے اعصاب نعشیں اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، ہمیں اپنے رویوں کو بدلنا ہوگا۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ بے شمار لوگوں کو عدالتی دائر اختیار سے باہر رکھنے کے لئے فاٹا کے حراستی مراکز میں رکھا جارہا ہے۔ وکلا ہمت سے ایسے مقدمات کی پیروی کریں، حکومت آئین اور قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتا افراد مقدمات میں ایڈووکیٹ جنرل آفس اور دیگر ادارے عدلیہ کا ساتھ دے رہے ہیں۔