پاکستان سے تعلقات بہتر ہونے کی امید ہے : منموہن سنگھ
نئی دہلی (نیٹ نیوز+اے پی اے) بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ہم اس وعدے پر قائم ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام مسائل پرامن طریقہ سے حل ہوں۔ میاں محمد نوازشریف نے جو باتیں کہی ہیں اس سے رشتے مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔ تھائی لینڈ کے دورے سے واپسی کے بعد دہلی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس وعدے پر قائم ہیں کہ تمام مسائل پرامن طریقہ سے حل ہوں اور انہی خیالات کا اظہار نوازشریف نے بھی کیا۔ جب پاکستان میں انتخابات کے نتائج آ رہے تھے تب میں نے نوازشریف کو فون کرکے مبارکباد دی تھی۔ بھارت اور پاکستان کے ساتھ اچھے رشتوں کے متعلق جن جذبات کا اظہار نوازشریف نے کیا تھا میں نے اس کے جواب میں کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے رشتوں میں پیش رفت ہونی چاہئے۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ انہوں نے نوازشریف کو بھارت آنے کی بھی دعوت دی ہے۔ انہوں نے مجھے پاکستان آنے کی دعوت دی تھی حکومت پاکستان کی جانب سے بھی پاکستان کا دورہ کرنے کے لئے میرے پاس دعوت نامہ آیا ہوا ہے۔ دونوں جانب سے ابھی اس پر کوئی حتمی فیصلہ کیا اور نہ ہی اس بارے میں کوئی تاریخ مقرر ہوئی ہے لیکن ہم ضرور چاہیں گے کہ پڑوسی کی حیثیت سے پاکستان کے ساتھ اچھے رشتے ہوں۔ مسقل میں ان کی کوشش رہی ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تمام مسائل حل ہونے چاہئیں۔ منموہن سنگھ جاپان اور تھائی لینڈ کے دورہ سے واپس آئے ہیں۔ بھارت نے جاپان کے ساتھ شعبہ دفاع اور تجارت میں وسعت کے لئے اہم معاہدے کئے ہیں۔ تھائی لینڈ کے ساتھ بھارت نے دہشت گردی اور جرائم کے متعلق تاریخی معاہدہ کیا ہے۔