• news

پیپلز پارٹی کے کئی سینیٹروں اور رہنماﺅں کا پارٹی چھوڑ جانے کا خدشہ

اسلام آباد (جاوید صدیق) انتخابات میں ہزیمت اٹھانے کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت کو اپنے بعض سابق ارکان اسمبلی‘ سینیٹروں اور دوسرے پارٹی لیڈروں کی طرف سے پارٹی کو خدا حافظ کہنے کا خدشہ لاحق ہے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ پارٹی کے سربراہ آصف زرداری کے بعض معتمد مختلف ارکان سے رابطے کرکے ان سے استفسار کررہے ہیں کہ کیا وہ پارٹی تو چھوڑ نہیں رہے۔ پیپلزپارٹی کو ایوان بالا میں بعض سینیٹروں کی طرف سے بغاوت کا سامنا ہے۔ سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کے قریب رہنے والے سینیٹر گلزار خان اور ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر وقار خان کے بارے میں پارٹی میں تاثر ہے کہ وہ فارورڈ بلاک کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ادھر پنجاب میں بھی پیپلزپارٹی کے بعض شکست خوردہ ارکان کے بارے میں یہ اطلاعات گردش کررہی ہیں کہ وہ پارٹی کو چھوڑ کر نئی سیاسی حکمت عملی اپنانے پر غور کر رہے ہیں۔ پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی یہ ٹوہ لگانے کی کوشش میں ہیں کہ کون پارٹی چھوڑ رہا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کو یہ بھی خدشہ ہے کہ جب بلدیاتی انتخابات ہوں گے تو بڑی تعداد میں پنجاب اور خیبرپختونخوا سے پارٹی لیڈر پارٹی کو چھوڑ کر چلے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن