• news

آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ: بھارتی کرکٹ بورڈ کے پتے جھڑنے لگے‘ سیکرٹری‘ خزانچی مستعفی

نیو دہلی (سپورٹس ڈیسک) آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے اثرات شروع ہو گئے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری سنجے جگڈال اور خزانچی اجے شرکے نے عہدوں سے استعفے دیدئیے۔ سنجے جگڈال جو کہ گروناتھ میاپن کیخلاف تحقیقات کرنے والے پینل میں بھی شامل ہیں، نے کہا کہ استعفیٰ دینے کی وجوہات نہیں بتا سکتا۔ استعفیٰ صدر بورڈ کو بھیج دیا ہے۔ میں کرکٹ کو صرف کھیل کے طور پر دیکھنا چاہتا ہوں۔ سری نواسن سے درخواست کی تھی کہ مجھے تحقیقاتی پینل میں شامل نہ کیا جائے۔ خزانچی اجے شرکے نے کہا کہ آئی پی ایل نے بھارتی بورڈ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔ امکان ہے کہ نائب صدر بھارتی کرکٹ بورڈ بھی کسی وقت استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ آئی پی ایل سکینڈل بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن کے خلاف گھیرا مزید تنگ ہوتا جا رہا ہے۔ میڈیا رپو ر ٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سری نواسن نے اگلے 48 گھنٹوں میں استعفیٰ نہیں دیا تو ایمرجنسی میٹنگ بلائی جا سکتی ہے جبکہ وندو دارا سنگھ اور میاپن کی پولیس ریمانڈ میں تین جون تک توسیع کر دی ہے۔ بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن کے گرد مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ بی سی سی آئی ممبرز انوراگ ٹھاکر، نریندر مودی، راجیو شکلا اور شردپوار نے سری نیواسن کی مخالفت کردی جس کے بعد اب مخالف گروپ کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ انہیں اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن