• news

ٹریک ٹو ڈپلومیسی: پاکستان اور بھارت میں خفیہ مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا دعویٰ

سرینگر(آن لائن)پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو ڈپلومیسی کے تحت خفیہ مذاکرات پھر سے شروع ہونے کادعویٰ کیا گیا ہے ۔بھارتی وزیر اعظم کے معاون خصوصی کی پاکستانی ہم منصب کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر نئی حکومت کے ساتھ بات چیت شروع کرنے پر بھارتی آمادگی کا پیغام پہنچایا ۔میاں نواز شریف کو بات چیت بارے آگاہ کر دیا گیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان کے ساتھ بیک ڈور چینلجز کے ذریعے بات چیت کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے ۔ اس سلسلہ میں ٹریک ٹو ڈپلو میسی کے تحت مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور وزیر اعظم منموہن سنگھ کے خصوصی معاون آر کے لامبا نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پاکستانی ہم منصب طارق انور کے ساتھ بات چیت کی ہے جبکہ اس بات چیت بارے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور متوقع پاکستانی وزیر اعظم میاں نواز شریف کو آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق کشمیر کے سلسلے میں خفیہ بات چیت 2005 ءسے شروع ہوئی جب نیشنل سکیورٹی ایڈوازئر جین وگشت نے طارق عزیز کے ساتھ ملاقات کی تھی اور کشمیر پر بیک ڈور ڈپلو میسی کو اپنانے کا دونوں ملکوں نے فیصلہ کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن