میانمار دہشتگردی میں ملوث بھارت نے جنوبی ایشیا کا امن داﺅ پر لگا دیا:مذہبی رہنما
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مذہبی و سیاسی رہنماﺅںنے بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے میانمار میں بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کی فراہمی اور چالیس لاکھ مسلمانوں کو شہید کرنے کے منصوبہ میں بھارت کے ملوث ہونے پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر کی طرح میانمار میں بھی بڑے پیمانے پر دہشت گردی کروا رہا ہے اور خطہ کا تھانیدار بننے کے چکر میںاس نے پورے جنوبی ایشیا کے امن کو داﺅ پر لگا دیا۔ حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دلوانے کیلئے اقوام متحدہ میں قرارداد پیش کریں۔ نہتے مسلمانوں کے قتل عام، مساجدومدارس کی شہادت اور مسلمانوں کی بستیوں کو راکھ کا ڈھیر بنائے جانے پر مسلم امہ کو کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار حافظ سعید، جنرل (ر) حمید گل، حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، حافظ عبدالغفار روپڑی، حافظ سیف اللہ منصور، مولانا شمشاد احمد سلفی، مولانا عبدالعزیزعلوی اور مولانا ابو الہاشم نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ من موہن سنگھ کے برماکے دورہ کے بعد مسلم کش فسادات شروع ہونا اور بھارتی ایجنسیوں کی طرف سے بودھ انتہا پسندوں کو ہتھیاروں کی فراہمی کے حقائق منظر عام پر آنے کے بعد ہندوستان کے نام نہاد سیکولرازم کا چہرہ ایک بار پھر کھل کر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔ مسلمانوں کے خلاف عالمی پروپیگنڈے سے فائدہ اٹھا کر میانمار میں موجود متعصب بدھسٹ اور ہندوا نتہا پسندتنظیموں کے اراکین مسلمانوں کا صفایا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ مذہبی و سیاسی جماعتیں متحد ہو کر حکمرانوں پر دباﺅ بڑھائیں کہ وہ اراکان برما میں بھارتی مداخلت اور بدھسٹ دہشت گردوں کی سرپرستی کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلندکریں۔