• news
  • image
  • text

قومی اسمبلی : سپیکر‘ ڈپٹی سپیکر کے چار چار امیدواروں میں آج مقابلہ ہوگا

 اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر آج انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ دونوں عہدوں کے چار چار امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق نے سپیکر اور مرتضی جاوید عباسی نے ڈپٹی سپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔ ان کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دئیے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی سے نواب یوسف تالپور نے سپیکر، غلام رسول کوریجہ نے ڈپٹی سپیکر، پاکستان تحریک انصاف سے شہریار آفریدی نے سپیکر، منزہ حسن نے ڈپٹی سپیکر اسی طرح ایم کیو ایم سے ایس اے اقبال قادری نے سپیکر اور کشور زہرہ نے ڈپٹی سپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دئیے گئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے سردار ایاز صادق قومی اسمبلی کے 19 ویں سپیکر منتخب ہو جائیں گے۔ ڈاکٹرفہمیدہ مرزا نومنتخب سپیکر سے حلف لیں گی اور اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گی۔ نومنتخب سپیکر کی نگرانی میں ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہو گا۔ ہزارہ سے مسلم لیگ (ن) کے رکن مرتضی جاوید عباسی قومی اسمبلی کے کثرت رائے سے ڈپٹی سپیکر منتخب کر لئے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ وہ ایوان کو غیر جانبداری سے چلائیں گے۔ وزیراعظم کے انتخاب کے بعد بغیر کسی تاخیر کے قائد حزب اختلاف مقرر کر دیا جائے گا۔ اپوزیشن میں عددی برتری رکھنے والے رکن کو قائد حزب اختلاف مقرر کیا جائے گا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ وہ تمام ارکان کو ساتھ لے کر چلیں گے توقع ہے تمام جماعتیں اور ان کے ارکان کارروائی میں بھرپور حصہ لیں گی۔ پارٹی قیادت کا اس عہدے پرنامزدگی پر شکرگزار ہوں۔ یوسف تالپور کے تجویز و تائید کنندگان میں امیر علی شاہ جاموٹ، رفیق احمد جمالی، نفیسہ شاہ، اصغر علی شاہ اور مہرین رضا بھٹو جبکہ خواجہ غلام رسول کوریجو کا نام سید نوید قمر، مسرت رفیق، شفقت جیلانی، رمیش لال اور عذرا افضل پیچوہو نے پیش کیاجبکہ تحریک انصاف کی جانب سے شہریار آفریدی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ تحریک انصاف کی منزہ حسن گزشتہ روز ہی ڈپٹی سپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی کرا چکی تھیں ۔ شہریارآفریدی کا نام خیال زمان اورکزئی اور منزہ حسن کا نام شیریں مزاری نے تجویز کیا جبکہ ایم کیو ایم کی طرف سے سپیکر کے لئے ایس اقبال قادری اور ڈپٹی سپیکر کے لئے کشور زہرہ کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ایس اے اقبال قادری کا نام سفیان یوسف اور آصف حسنین جبکہ کشور زہرہ کا نام ساجد احمد اور ثمن جعفری نے تجویز کیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہمارے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی حمایت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہمارے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے، دیگر جماعتوں سے بھی رابطے ہیں۔ ایاز صادق نے کہا کہ میں منتخب ہوکر شفاف طریقے سے ایوان کو چلا¶نگا۔ اس وقت قوم کی نظریں ہم پر ہیں اور ہم نے مسائل کو حل کرنا ہے۔ قبائلی علاقوں کے 5 ارکان نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل نے کہا کہ حمایت کا فیصلہ آزاد ارکان نے مشاورت سے کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حمایت کرنے والے ارکان میں الحاج شاہ جی گل، غازی گلاب جمال، ساجد طوری، حاجی بسم اللہ خان اور بلال الرحمن شامل ہیں۔

epaper
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے ایاز صادق، پی پی پی کے یوسف تالپور، متحدہ کے اقبال قادری، تحریک انصاف کے شہریار آفریدی سپیکر، مرتضیٰ جاوید غلام رسول ڈپٹی سپیکر کے لئے کاغذات جمع کرا رہے ہیں

ای پیپر-دی نیشن