• news

مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کیلئے رانا اقبال کو سپیکر‘ شیر گورچانی کو ڈپٹی نامزد کردیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار + ایجنسیاں) پنجاب اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوںکےلئے انتخاب آج (سوموار) کو ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) نے سپیکر کے عہدے کےلئے رانا محمد اقبال کو دوبارہ نامزد کر دیا ہے جبکہ ڈپٹی سپیکر کے عہدے کےلئے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے شیر علی گورچانی کا بطور امیدوار چناﺅ کیا گیا ہے۔ اپوزیشن کی طرف سے تحریک انصاف کے راجہ راشد حفیظ سپیکر اور (ق) لیگ کے سردار وقاص موکل ڈپٹی سپیکر کے عہدے کےلئے میدان میں ہیں۔ سپیکر کےلئے رانا محمد اقبال اور ڈپٹی سپیکر کےلئے شیر علی گورچانی نے گذشتہ روز اسمبلی سیکرٹریٹ میںکاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے جبکہ اپوزیشن کے امیدوار پہلے ہی یہ مرحلہ مکمل کر چکے ہیں۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوں کے انتخاب کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج (سوموار) صبح گیارہ بجے منعقد ہوگا۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے کیا جائے گا۔ رائے شماری سے قبل کوئی بھی امیدوار تحریری طور پر اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتا ہے ۔ نئے سپیکر منتخب ہونے کے بعد ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کرائیں گے۔ پنجاب اسمبلی میں سپیکر رانا محمد اقبال کے دوبارہ اس عہدے کے لئے امیدوار ہونے کی وجہ سے اعلان کردہ چار رکنی پینل آف چیئرمین میں سے کوئی ایک اجلاس کی صدارت کرے گا۔ پینل آف چیئرمین میں رانا مشہود‘ ندیم کامران‘ عائشہ جاوید اور اسلم اقبال شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت نے اسلام آباد اور لاہور میں اعلٰی سطحی مشاورت کے دوران پنجاب میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے منصب پر اپنے امیدواروں کے لئے مشاورت کی جس میں یہ طے کیا گیا کہ رانا ثناء اللہ کا ایک موثر سیاسی کردار ہے۔ اس لئے انہیں سپیکر کے منصب پر لانے کے بجائے نامزد وزیراعلٰی محمد شہباز شریف اپنے ساتھ ہی کابینہ کی ٹیم میں سینئر منصب پر رکھیں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کے لئے رانا محمد اقبال ہی دوبارہ ذمہ داری جاری رکھیں گے۔ ڈپٹی سپیکر کے لئے شیر محمد گورچانی کی منظوری دی گئی۔ سپیکر کے لئے نامزد رانا محمد اقبال قصور کے حلقہ پی پی 184 اور ڈپٹی سپیکر کے لئے نامزد شیر محمد گورچانی راجن پور کے حلقہ پی پی 248 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ ثنا نیوز کے مطابق رانا محمد اقبال اور شیر علی گورچانی کی نامزدگی کا فیصلہ صوبائی اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت میاں شہباز شریف نے کی۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا اقبال نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا وہ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور پارٹی قیادت کی توقعات پر پورا اتریںگے۔ شیر علی گورچانی نے کہا پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں مخلص نہیں تھی یہ نعرہ صرف ووٹ حاصل کرنے کے لئے لگایا گیا پی پی قیادت مخلص ہوتی تو صوبہ بن چکا ہوتا۔ مسلم لیگ (ن) کا واضح موقف ہے ہم بہاولپور اور جنوبی پنجاب کو علیحدہ علیحدہ صوبہ بنائیں گے، میری نامزدگی مسلم لیگ (ن)کی قیادت کے جنوبی پنجاب کے عوام سے تعلق کی واضح مثال ہے۔ مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل حل کرے گی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کے لئے مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد اقبال اور تحریک انصاف کے راجہ راشد حفیظ جبکہ ڈپٹی سپیکر کے لئے مسلم لیگ (ن) کے شیر علی گورچانی اور (ق) لیگ کے وقاص حسن موکل کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد درست قرار دے دیئے گئے۔ کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی واپس نہ لئے تو دونوں عہدوں پر ون ٹو ون مقابلہ ہوگا تاہم پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو بھاری اکثریت حاصل ہونے کے باعث مخالف امیدواروں کی کامیابی کی کوئی امید نہیں۔ اے پی اے کے مطابق رانا محمد اقبال کے اسمبلی پہنچنے پر سٹاف نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن