نوازشریف کی قیادت میں پاکستان، بھارت تعلقات کا نیا دور شروع ہو گا: سلمان خورشید
نئی دہلی (آن لائن) بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ بھارت مستحکم اور خوشحال پاکستان کا متمنی اور اچھے پڑوسیوں جیسے تعلقات کا خواہاں ہے‘ امید ہے کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد بھرا تعلقات کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ متوقع پاکستانی وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے تعلقات کو مستحکم کرنے کےحوالے سے دئیے جانے والے بیانات قابل تعریف ہیں اور امید ہے کہ وہ ان کو عملی جامہ پہنانے میں کامیاب ہوں گے اور بھارت کیساتھ تعلقات کو استوار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ سلمان خورشید نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات سدھارنے کی کافی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے رہنماﺅں کے درمیان قریبی تعلقات میں بہتری آرہی ہے اور کئی مثبت اشارے ملے ہیں۔