حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرینگے، یوسف رضا گیلانی، عمران خان سے ملاقات
لاہور (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نئی حکومت کو ڈرون حملے روکنے کیلئے واضح پالیسی بنانا ہو گی‘ملک کے گھمبیر حالات کو کوئی ایک جماعت حل نہیں کر سکتی سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا‘ بطور اپوزیشن پوائنٹ سکورنگ کی بجائے حقیقی اور ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے‘ پیپلز پارٹی نے مفاہمت کی سیاست ملک اور جمہوریت کیلئے کی اور اب بھی جمہوریت اور اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں‘ عمران خان کی خیریت دریافت کرنے کیلئے آیا تھاملکی سیاسی معاملات پر بھی بات چیت ہوئی ہے ۔ وہ اتوار کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ پر عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا مکمل احترام کرتی ہے اور عام انتخابات کیسے تھے میں اس بارے میں کیا کہوں کیونکہ انتخابات سے ایک روز قبل ہی میرا اپنا بیٹا اغواءہو گیا اور آج تک اس کا کچھ پتہ نہیں اس کو کس نے اغواءکیا اس حوالے سے سکیورٹی ادارے تحقیقات کر رہے ہیں اس لئے میرا اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں بطور وزیراعظم تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لےکر چلا اور مجھے امید ہے کہ میاں نواز شریف بھی تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لےکر چلیں گے اور ملک میں جمہوریت سمیت تمام اداروں کو نہ صرف مضبوط کیا جائے گا بلکہ عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ‘ مہنگائی‘ بیروزگاری اور دیگر مسائل سے بھی نجات دلائیں گے۔