ڈاکٹرعبدالمالک کا تعلق تربت سے بولان میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کیا
کوئٹہ (آئی این پی) نیشنل پارٹی کے سربراہ اور 3 جماعتی اتحاد کے نامزد وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا تعلق تربت سے ہے ابتدائی تعلیم تربت میں ہی حاصل کی۔ 1973ءمیں میٹرک، 1975ءمیں انٹر کالج تربت سے ایف ایس سی کرکے بولان میڈیکل کالج کوئٹہ سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔ بعد میں کراچی کے آئی ہسپتال سے ڈپلومہ حاصل کیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ زمانہ طالب علمی سے ہی بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے وابستہ رہے اور بھرپور سیاسی زندگی گزاری۔ غریب گھرانے سے تعلق رکھنے کے باوجود ڈاکٹری کی شعبے کی بجائے سیاست کو ترجیح دی۔ 1988ءمیں بلوچستان نیشنل موومنٹ کے ٹکٹ پر انتخابات میں کامیاب ہوئے اور 3 سال تک وزیر صحت کے فرائض انجام دیئے۔ 1990ءکے انتخابات میں کامیابی کے بعد وزیر تعلیم کے عہدے پر فائز ہوئے۔ 2006ءمیں سینیٹر منتخب ہوئے، حالیہ انتخابات میں کیچ تربت سے وہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔