• news

”مسلم لیگ ن نے بڑے عہدے پنجاب میں بانٹ کر چھوٹے صوبوں کو اچھا پیغام نہیں دیا“

لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا اور ق لیگ کے رہنما راجہ بشارت نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت تمام اہم عہدے پنجاب اور لاہور میں بانٹ کر اچھا پیغام نہیں دے رہی۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو چھوٹے صوبوں کی محرومیاں دور کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہونگے۔ سپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ چھوٹے صوبوں کو ملنا چاہئے تھا۔ ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی بنائے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شوکت بسرا نے کہا کہ آج ضرورت ہے کہ تمام صوبوں میں ہم آہنگی، یکجہتی پیدا کی جائے جس کیلئے بڑے عہدوں میں سے ایک ایک عہدہ صوبوں کو دیا جاتا تو اس سے اچھا پیغام جاتا۔ جنوبی پنجاب کو ایک بڑا عہدہ دیتے تو اچھا تھا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے تمام متوقع وزراءکا تعلق پنجاب سے ہے۔ مسلم لیگ (ن) درحقیقت ایک صوبے کی جماعت ہے، اس میں دوسرے صوبوں سے آزاد کامیاب ہونے والے بھی شامل ہو گئے ہیں لہٰذا مسلم لیگ (ن) کو قومی جماعت کا رویہ اپنانا چاہئے۔ باقی صوبوں کو کابینہ میں نمائندگی ملنی چاہئے۔ چیئرمین سینٹ کا تعلق پنجاب سے ہے، اب سپیکر بھی پنجاب سے لینے کے بعد دونوں اہم عہدے پنجاب کو مل گئے، اس سے دوسرے صوبوں میں احساس محرومی بڑھے گا۔

ای پیپر-دی نیشن