حکومتی معاملات پر پیپلز پارٹی عدالت کا رخ نہیں کرےگی: خورشید شاہ
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومتی معاملات پر پیپلز پارٹی عدالت کا رخ نہیں کرے گی جمہوریت کےلئے قربانیاں دی ہیں۔ اپوزیشن ایوان میں مثبت کردار ادا کرے گی۔ امریکی میڈیا کو انٹرویو دےتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ ان کی جماعت ایوان میں مثبت کردار ادا کرے گی اور حکومتی معاملات پر ان کی جماعت عدالت کا رخ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے جمہوریت کےلئے بہت قربانیاں دی ہیں اور آج اس کا یہ ثمر ہے تو ہم جمہوریت کو مضبوط کریں گے ہم پارلیمنٹ کا رخ کریں گے۔ عوام کا رخ کریں گے ہم کہیں اور نہیں دیکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ جمہوری انداز میں انتقال اقتدار کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے تاہم مختلف بحرانوں میں گھرے عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے نئی حکومت پر نظریں لگائے بیٹھے ہیں۔