ڈرون حملوں پر امریکہ کا مﺅقف غیرقانونی ہے، احتجاج کرینگے: تحریک انصاف
لاہور (آئی اےن پی) تحریک انصاف کی ترجمان شریں مزاری نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں پر امریکہ کا موقف غیر قانونی ہے‘ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا معاملہ امریکہ نے اقوام متحدہ میں نہ لے جاکر ہم پر احسان نہیں کیا اگر وہ ایسا کرتا تو اس کو اسرائیل کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے بھی جواب دینا پڑتا۔ شےرےں مزاری نے کہاکہ دفاع کی پالیسی سویلین حکومت کی ذمہ داری ہے اور جو پالیسی سول حکومت بنائے گی فوج کو اس کو فالو کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا اگر واقعی میاں نواز شریف ڈرون حملے ختم کرنے میں مخلص ہیں تو ہم ان کا ساتھ دیں گے۔ دریں اثناءسپیکر خیبر پی کے اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سے ڈرون حملوں کیخلاف اور دہشتگردی کے حوالے سے پالیسی وضع کرنے کے مطالبے پر مبنی قرارداد جلد اسمبلی سے منظور کرائی جائیگی جبکہ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کیخلاف علم بغاوت بلند نہیں کر سکتے ،ڈرون اور نیٹو سپلائی کے حوالے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے جدوجہد کرینگے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے خیبر پی کے میں حکومت کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خارجہ اور دفاعی پالیسی وفاق نے مرتب کرنا ہوتی ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ ڈرون حملوں کا حل ڈھونڈا جائے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے صوبے میں امن ہو اور اسکے لئے مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہئے کہ ڈرون کیخلاف اور دہشگردی کے حوالے سے پالیسی وضع کرے ۔ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے ڈرون حملوں کیخلا ف اور دہشتگردی کے حوالے سے پالیسی وضع کرنے کے مطالبے پر مبنی قرارداد اسمبلی میں جمع کرا دی ہے اور آئندہ سیشن پر اسے پیش کریں گے۔ شفقت محمود نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اس پر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، عوام کو یہ حملے قابل قبول نہیں۔