• news

روئی کا سپاٹ ریٹ مستحکم، نئی فصل کی بوائی تیزی سے جاری

کراچی (اے پی اے) روئی کا سپاٹ ریٹ مستحکم اور کاروباری حجم کم رہا ۔نئی فصل کی کپاس کی بوائی تیزی سے جاری ہے ۔جزوی طور پر پھٹی کی آمد 15جون سے شروع ہونے کی توقع۔ مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹیکسٹائل واپنگ ملز کی جانب سے روئی کی محتاط خریداری کے باعث روئی کے بھاو¿ میں مجموعی طور پر نرمی رہی ۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ فی من 6400 روپے کے بھاو¿ پر مستحکم رکھا۔ صوبہ سندھ و پنجاب میں روئی کا بھاو¿ معیار کے مطابق فی من 5400 تا 6400 روپے رہا البتہ ادھار کی بنیاد پر6600 سے 7000 روپے تک سودے ہوئے۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں روئی،کپڑے اور یارن کے کاروبار میں سردبازاری کی بازگشت مقامی منڈیوں میں سنی جارہی ہے کاروباری حجم کم رہا۔ بھارت میں ڈالر کی نسبت بھارتی روپے کی قیمت کم ہونے کے باعث روئی اور دیگر اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ کا رجحان رہا۔ تاہم برآمدی معاہدے کم ہورہے ہیں۔ نیویارک کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاو¿ میں مسلسل گراوٹ ہورہی ہے جو گزشتہ جنوری کے مہینے کی نچلی سطح پر 80 امریکن سینٹ سے بھی کم ہوگیا ہے۔ پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد توانائی کا بحران کم ہونے کی توقع کی وجہ سے آنے والے دنوں میں کاروبار میں اضافہ ہونے کی امید کی جارہی ہے، پی ایم ای ایکس مین روئی کی فاروڈنگ ٹریڈنگ شروع کرنے کے متعلق کے سی اے، پی سی جی اے اور اے پی ٹی ایم اے کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے اس کی شدید مخالفت کی جارہی ہے۔ صوبہ سندھ و پنجاب میں کپاس پیدا کرنے والے زیریں علاقوں میں جزوی طور پر پھٹی کی آمد شروع ہونے کی توقع ہے۔

ای پیپر-دی نیشن