بھارتی کرکٹ بورڈ کا اجلاس‘ ہنگامہ آرائی‘ سری نواسن انتظامی امور سے الگ‘ استعفی سے انکار
بھارتی کرکٹ بورڈ کا اجلاس‘ ہنگامہ آرائی‘ سری نواسن انتظامی امور سے الگ‘ استعفی سے انکار
چنائے ( آئی این پی ) بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن نے مستعفی ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میرے مستعفی ہونے سے بورڈ پر اثر پڑے گا‘ تحقیقات مکمل ہونے تک انتظامی معاملات سے علیحدہ رہوں گا ، بھارتی کرکٹ بورڈ کے ہنگامی اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے بعد بورڈ کے ارکان اور صدر سری نواسن میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ، اگر سری نواسن نے استعفیٰ نہ دیا تو بورڈ ارکان نے مستعفی ہونے کی دھمکی دے دی ، بھارتی بورڈ کے خزانچی ، سیکرٹری اور چیئر مین پہلے ہی مستعفی ہوچکے ہیں ‘ ورکنگ کمیٹی نے نئے صدر کیلئے جگموہن ڈالمیا کا نام پیش کردیا۔ اتوار کے روز بھارتی کرکٹ بورڈ کا چنائے میں آئی پی ایل کرکٹ سکینڈل کیس کے بعد سری نواسن کے مستعفی نہ ہونے پر ہنگامی اجلاس ہوا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے ہنگامی اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن نے مستعفی ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی ایل کرکٹ سکینڈل کیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک انتظامی معاملات سے علیحدہ رہوں گا جس پر بورڈ کے اکثر ارکان اور سری نواسن میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ۔ بھارتی بورڈ ارکان نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر صدر بھارتی کرکٹ بورڈ سری نواسن مستعفی نہ ہوئے تو ہم سب مستعفی ہوجائیں گے ۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن پر استعفی کے لئے دباﺅ آخری حدوں کو چھو رہا ہے ۔ یادرہے کہ سری نواسن کے مستعفیٰ نہ ہونے پر احتجاجاً بی سی سی آئی کے چیئر مین راجپوشکلا ، خزانچی اور سیکرٹری پہلے ہی استعفیٰ دے چکے ہیں۔