• news

ہاکی کھلاڑیوں کا بیک اپ تیار کر لیا‘ عالمی اعزازات واپس ملنا شروع ہو جائیں گے : ارشد چودھری

ہاکی کھلاڑیوں کا بیک اپ تیار کر لیا‘ عالمی اعزازات واپس ملنا شروع ہو جائیں گے : ارشد چودھری

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق اولمپیئن ارشد چودھری نے کہا ہے کہ ملائیشیا میں منعقد ہونے والی ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم اچھے نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ٹیم میں شامل زیادہ تر کھلاڑی حال میں ملائیشیا میں لیگ ہاکی کھیل کو واپس آئے ہیں اور انہیں اچھی پریکٹس بھی حاصل ہے۔ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد کے تربیتی کیمپ میں کھلاڑی ایک وننگ یونٹ میں ڈھل کر ان کا بہترین کمبی نیشن تیار ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اختر رسول نے قومی کھیل کے وسیع تر مفاد کے لیے ہاکی ٹیم کا کوچ برقرار رہنے کا درست فیصلہ کیا ہے ان کی زیر نگرانی 8 سال بھی پاکستان ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی میں برائنز میڈل جیتا ہے جبکہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں گولڈ میڈل کا حصول ممکن ہوا۔ ارشد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کا اچھا بیک اپ تیار کر لیا ہے جونیئر لیول پر کھلاڑیوں کی بڑی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ہاکی ایک مرتبہ پھر درست سمت میں چل پڑی ہے ایشیا کے بعد ورلڈ میں بھی اعزازت پاکستان کو واپس ملنا شروع ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جونیئر ہاکی ٹیم یورپ کے دورہ پر ہے اس سے جونیئر کھلاڑی زیادہ سے زیادہ سیکھنے کا موقع ملے گا جب تک ہمارے کھلاڑی یورپی ٹیموں کے خلاف نہیں کھیلیں گے اس وقت تک ان کے تجربہ میں اضافہ نہیں ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن