ایوان صدر نئی وفاقی‘ صوبائی حکومتوں سے آئین کے مطابق بھرپور تعاون کریگا : زرداری
ایوان صدر نئی وفاقی‘ صوبائی حکومتوں سے آئین کے مطابق بھرپور تعاون کریگا : زرداری
کراچی (ثناءنیوز) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری نظام مربوط اور مستحکم ہو چکا ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہو گا۔ وہ پیر کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاﺅس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں قائم علی شاہ نے صدر کو صوبے میں امن و امان، حکومت سازی، بجٹ کی تیاری اور دیگر امور سے آگاہ کیا۔ صدر نے کہا کہ ملک میں اقتدار کی منتقلی کا عمل آئین کے مطابق خوش اسلوبی سے مکمل ہو رہا ہے۔ ایوان صدر نئی قائم ہونے والی وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں کے ساتھ آئین کے مطابق بھرپور تعاون کرے گا۔ صدر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور جرائم پیشہ عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔ صدر نے ہدایت کی کہ سندھ میں وبائی امراض پر قابو پانے اور مون سون سے قبل تمام ایسے اقدامات کئے جائیں کہ سندھ میں شدید بارشوں اور سیلاب کی صورت میں نقصانات نہ ہوں۔ صدر نے مزید ہدایت کی کہ حکومت سندھ نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے زیادہ سے زیادہ منصوبوں کا آغاز کرے۔
آصف زرداری