پاکستان کے پاس 100 سے 120 ‘ ....بھارت کے پاس 90 سے 110 ایٹمی ہتھیار ہیں : رپورٹ
پاکستان کے پاس 100 سے 120 ‘ ....بھارت کے پاس 90 سے 110 ایٹمی ہتھیار ہیں : رپورٹ
سٹاک ہوم (آن لائن + اے ایف پی) چین، پاکستان اور بھارت کا ایٹمی ہتھیاروں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ امریکہ اور روس نے اپنے نیوکلیئر وارہیڈز کی تعداد میں کمی کی ہے۔ سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق چین نے گذشتہ سال 10 وار ہیڈ بنائے جس کے بعد چین کے وارہیڈز کی تعداد 240 سے بڑھ کر 250 ہو گئی جبکہ پاکستان اور بھارت نے بھی گذشتہ سال 10، 10 وارہیڈ بنائے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پاس 100 سے 120 وارہیڈز ہیں اور بھارت کے پاس 90 سے 110 کے قریب نیوکلیئر وارہیڈز ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ اور روس نے اس عرصے میں نیوکلیئر وارہیڈز میں کمی کی ہے۔ روس نے دس ہزار وارہیڈز کو کم کر کے ساڑھے 8 ہزار کر دئیے جبکہ امریکہ نے 8 ہزار وارہیڈز کو کم کر کے 7700 کر لیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیا میں خطرناک حالات کے باوجود اسلحے کی دوڑ تشویشناک ہے۔ 2008ءمیں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھی جبکہ چین اور جاپان اور شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان بھی کشیدگی پائی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل 80 وار ہیڈز کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔ فرانس اور برطانیہ کے جوہری ہتھیاروں کی تعداد وہی رہی جو پچھلے سال تھی۔ اس وقت فرانس تین سو اور برطانیہ 225 ”نیوکلیئر وار ہیڈز“ کا حامل ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جوہری ہتھیار بین الاقوامی طور پر طاقت اور عزت کی علامت ہیں اور یہ ہتھیار رکھنے والا کوئی بھی ملک انہیں ترک کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں میں کمی کے لئے کوششیں بھی سست روی کا شکار ہیں۔ امریکہ اور روس نے وعدے کے مطابق 2012ءمیں اپنے تمام کیمیائی ہتھیاروں کو تلف نہیں کیا۔
ایٹمی ہتھیار