• news
  • image

پنجاب کو مثالی صوبہ بنائیں گے‘ شہباز شریف : پارلیمانی پارٹی نے وزیراعلی کا امیدوار نامزد کر دیا

پنجاب کو مثالی صوبہ بنائیں گے‘ شہباز شریف : پارلیمانی پارٹی نے وزیراعلی کا امیدوار نامزد کر دیا

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی نے شہبازشریف کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنائے جانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ وزارت عظمیٰ پر نامزدگی کے حوالے سے نوازشریف پر اعتماد کا اظہار کیا۔ گذشتہ روز الحمرا ہال میں میاں شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی کے لئے رانا محمد اقبال خاں اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے لئے شیر علی گورچانی کے ناموں کی منظوری دی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب میں حکومت پٹواری اور تھانہ کلچر کو تبدیل کرے گی۔ انہوں نے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور مسلم لیگ (ن) سے عوام کی محبت قرار دیا اور ارکان اسمبلی سے کہا کہ اس جیت کا تقاضا ہے کہ ہم سر نیچا کر کے عوام اور ملک کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے، عام آدمی کو انصاف دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران میں پنجاب حکومت کا کوئی قصور نہیں تھا لیکن مرکزی حکومت نے پنجاب حکومت کے خلاف محاذ بنا رکھا تھا، پراپیگنڈا کیا جاتا رہا کہ بجلی کے بحران کا ذمہ دار پنجاب ہے اور اس پر پراپیگنڈے سے متاثر ہونے والوں نے یقین بھی کر لیا حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ بجلی کے بحران میں پنجاب حکومت کی کوئی کوتاہی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سال میں قومی خزانے کو جن لوگوں نے بے دردی سے لوٹا انہیں قوم نے الیکشن میں سزا دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فرینڈلی اپوزیشن کا طعنہ دیا جاتا رہا، اس موقع پر رانا ثناءاللہ خان نے بھی خطاب کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ وہ ”خادم پنجاب“ کی حیثیت سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کو اگلے پانچ سال کے دوران ایک مثالی صوبہ بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کر دیں گے۔ گذشتہ پانچ سال کے دوران انسانی تقاضوں کے تحت پنجاب کے عوام کی خدمت میںکوئی کمی رہ گئی ہے تو اس مرتبہ اس کا ازالہ کیا جائے گا۔ ہم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنے کا رویہ اپنایا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے منتخب ارکان سے زیادہ مشاورت ہو گی۔ پنجاب کابینہ ارکان اسمبلی کی مشاورت سے بنے گی اور وہی لوگ صوبائی کابینہ میں وزیر لئے جائیں گے جو عوام کے خادم بن کر دن رات کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عمومی طور پر اور پنجاب میں خصوصی طور پر عوام نے مسلم لیگ (ن) کو جس بھرپور اعتماد سے نوازا ہے، ہم اسے اللہ کی کرم نوازی سمجھتے ہیں اور بارگاہ الٰہی میں کروڑوں مرتبہ شکر بجا لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو پنجاب میں 84 فیصد ارکان کی حمایت حاصل ہے جو اس لحاظ سے پنجاب کی تاریخ کا سنہرا باب ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی یہ عظیم کامیابی دوتہائی اکثریت سے کہیں بڑھ کر تین چوتھائی اکثریت سے بھی آگے نکل گئی ہے۔ یہ مالک کائنات کا کرم اور احسان ہے کہ اس نے عوامی خدمت کے بے لوث جذبے سے سرشار مسلم لیگی سیاستدانوں اور کارکنوں کی کاوش کو قبول کیا۔ اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ (ن) کو عزت کا جو مقام دیا ہے اس کا تقاضا ہے کہ ہم سر کو نیچا کر کے پاکستان کے عوام کی خدمت میں دن رات ایک کر دیں۔ میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہم نے عوامی مسائل حل کرنے کی ذمہ داری سے پہلوتہی کی تو تاریخ میں ہمارا نام لینے والا کوئی نہ ہو گا اور دوسری جانب منتخب عوامی نمائندے پانچ سال بعد عوام کے پاس ان کے خادم بن کر جائیں گے تو لوگ ان کی راہوں میں اپنی آنکھیں بچھائیں گے۔میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں دیانتدار اور بہترین ریکارڈ رکھنے والے ڈی پی اوز اور ریجنل پولیس آفیسرز تعینات کرنے کے باوجود تھانہ کلچر میں وہ مثبت تبدیلی نہیں لائی جا سکی جس کی انہیں توقع تھی۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے جس طرح برادر ملک ترکی میں پولیس کی 99 فیصد نفری ”کرپشن فری“ ہے، اسی طرح پاکستان اور خصوصی طور پر صوبہ پنجاب میں تھانے عام آدمی اور مظلوم کی دادرسی کا ذریعہ بنیںاورماضی کی طرح خوف کی علامت نہ سمجھے جائیں ۔ صوبے کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے ضروری ہے کہ تھانہ کلچر میں انقلابی تبدیلی لائی جائے اور پٹواری کلچر کا بھی خاتمہ کیا جائے تاکہ لوگ غیر ضروری مقدمہ بازی میں الجھنے سے بچ جائیں۔ میاں محمد شہباز شریف نے اس عزم کو دہرایا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت پنجاب میں تھانہ کلچر بدل کر رہے گی اور عام آدمی کو تھانے اور کچہری میں خدا خوفی کے جذبے سے انصاف دلائیں گے۔ قبل ازیں رکن صوبائی اسمبلی رانا ثناءاللہ خان نے ایک قرارداد کا مسودہ پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرارداد میں گذشتہ پانچ سال کے دوران ”خادم پنجاب“ کی حیثیت سے عام آدمی کی دادرسی اور صوبے کی خوشحالی کے لئے انتھک جدوجہد پر میاں محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اور یہ کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کی صوبائی پارلیمانی پارٹی صوبے کے عوام کو روشن مستقبل اور کرپشن سے پاک انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کی نوید دیتی ہے۔ قرارداد میں بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں محمد نواز شریف کی مدبرانہ سوچ اور جذبہ¿ ایثار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مدتوں بعد قوم کو امید کی کرن نظر آئی ہے کہ بلوچستان میں دیرپا امن کا قیام ممکن ہو جائے گا اور رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا یہ سب سے بڑا صوبہ وفاق پاکستان کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اجلاس میں گجرات کے نزدیک منگووال میں سکول وین کے المناک حادثے میں جاںبحق ہونے والے بچوں اور ملک کے مختلف علاقوں میں موسمی تغیرات کے باعث حادثات میں ناگہانی موت کا شکار ہونے والے ہموطنوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی۔
شہباز شریف

epaper

ای پیپر-دی نیشن