• news
  • image

لاپتہ افراد کو ضرور ڈھونڈا جائے : سپریم کورٹ‘ 2 میجروں‘ ایک بریگیڈیئر کو شامل تفتیش کرنیکا حکم

لاپتہ افراد کو ضرور ڈھونڈا جائے : سپریم کورٹ‘ 2 میجروں‘ ایک بریگیڈیئر کو شامل تفتیش کرنیکا حکم

اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کے کیس میں میجر شاہد، میجر منصور اور ایک بریگیڈیئر منصور کو شامل تفتیش کرنے جبکہ مقدمے کے اہم گواہ عمران منصور کو تفتیش میں شامل کرنے کے لئے وزارت خارجہ کو پولیس کی مدد کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے ہیں کہ اگر پولیس کوئی معاملہ حل کرنا چاہے تو اس کے سامنے کوئی ایشو نہیں تھا، لاپتہ افراد کو ضرور ڈھونڈا جائے گا۔ پیر کو جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں جسٹس خلجی عارف حسین اور جسٹس اعجاز افضل خان پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ تفتیشی افسر ایس پی ہارون نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ کے توسط سے وزارت خارجہ کو خط لکھا ہے کہ ملائیشیا میں موجود عمران منیر تک پہنچنے میں مدد کی جائے، عدالت نے پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ برگیڈیئر منصور سے بھی تفتیش کی جائے۔ اس موقع پر عدالت میں آمنہ مسعود جنجوعہ نے عمران منیر کی ہاتھ سے لکھی ہوئی 6 صفحات پر مشتمل تحریر بھی عدالت میں جمع کرائی، عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل علی زئی کو ہدایت کی کہ ملائیشیا میں مقیم ڈاکٹر عمران منیر جو اہم گواہ ہے سے تفتیش کے لئے وزارت خارجہ حکام کو کہا جائے، مقدمے کی مزید سماعت 18 جون تک ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ لاپتہ ادریس عباسی کو ہر صورت ڈھونڈ نکالا جائے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں، مقدمے میں سابقہ تفتیشی افسر انسپکٹر ریٹائرڈ ریاض کو بھی شامل تفتیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ایس پی صدر وحید خٹک نے عدالت کو بتایا کہ ادریس عباسی کی بازیابی کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ ادریس عباسی پر شوکت عزیز حملہ کیس میں بھی شامل ہونے کے الزامات موجود ہیں، حافظ ادریس عباس کے والد نے عدالت کو بتایا کہ اس کے بیٹے کو ایجنسیوں نے اٹھایا۔
لاپتہ افراد کیس

epaper

ای پیپر-دی نیشن