صوبائی حکومت کی کارکردگی جانچنے کیلئے عمران خان کا پشاور میں موجود رہنے کا فیصلہ
پشاور(بیورورپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قومی اسمبلی حلقہ این اے ون پشاور کی خالی کردہ نشست پر خدائی خدمتگار تحریک کے بانی خان عبدالغفار خان (باچا خان) کے نواسے سلیم جان خا ن کا نام مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آرہا ہے تاہم اس کا فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں کیا جائیگا۔ عمران خان کی طرف سے قومی اسمبلی پشاور کے حلقہ این اے ون کی چھوڑی جانیوالی نشست کیلئے پارٹی کارکنوں نے پشاور سے تعلق رکھنے والے سینئر رہنما سلیم جان خان کا نام پیش کردیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز لاہور میں عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں وزارتوں کی تقسیم اوردیگر امور کے علاوہ عمران خان کی طرف سے قومی اسمبلی کی خالی کردہ نشست پر بھی بات ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کارکنوں نے این اے ون کی نشست کیلئے خدائی خدمتگار تحریک کے بانی خان عبدالغفار خان کے نواسے سلیم جان خا ن کا نام تجویز کیا ہے اور یہ تجویز پارٹی کے تھنک ٹینک کو بھی پیش کردی گئی ہے جبکہ اس بارے میں اعلان 6 جون کو متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے ضلع پشاور میں موجود رہنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں عمران خان کیلئے حیات آباد میں نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی عاطف خان کا رہائشی بنگلہ تیار کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارتوں کی تقسیم کے بعد عمران خان 2 دن پشاور میں گزاریں گے جہاں پر پارٹی اجلاس بھی ہوا کرینگے۔