• news

پشاور ہائیکورٹ کے 3 جج مستقل، 4 کی مدت ملازمت میں توسیع

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) اعلیٰ عدلےہ کے ججوں کی تقرری کیلئے قائم کردہ پارلیمانی کمیٹی نے کورم کے بغےر جوڈیشل کمشن کی سفارشات کی منظوری دے دی، سندھ ہائی کورٹ کے 6 ججز کی مدت ملازمت میں ایک سال کی بطور ایڈیشنل جج توسیع، پشاور ہائی کورٹ کے 3 ججز کو مستقل جبکہ 4 کی مدت ملازمت میں توسیع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ججز تقرری پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پیر کو چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صرف سینیٹر اسحاق ڈار نے شرکت کی۔کمیٹی کا کورم پورا ہو نے کیلئے 3 ارکان کا ہونا لازمی ہے تاہم کورم کے بغےر اجلاس جاری رہا جس مےں جوڈیشل کمشن کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے جوڈیشل کمشن کی سفارشات کی منظوری دی۔ کمیٹی نے سندھ ہائیکورٹ کے 7 میں سے 6 ججز کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع دیدی جن میں جسٹس محمد فاروق شاہ، جسٹس فاروق علی چنا، جسٹس عزیز الرحمن، جسٹس آفتاب احمد گراد، جسٹس ریاضت علی سحر اور جسٹس صلاح الدین شامل ہیں۔کمیٹی نے جوڈیشل کمشن کی جسٹس حبیب الرحمن شیخ کی تقرری کے بارے مےں سفارش کو مسترد کر دیا۔ کمیٹی نے پشاور ہائیکورٹ کے 3 ججز کو مستقل کر دیا ہے جن میں جسٹس نثار حسین خان، جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس قیصر ارشد شامل ہیں جبکہ 4 ججوں جسٹس اسعد اللہ خان چمکنی، جسٹس مسز ارشاد قیصر، جسٹس شاہ جہان خان اخونزادہ اور جسٹس روح الامین خان کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن