تنویر اشرف کو سکیورٹی سٹاف نے پنجاب اسمبلی کے اندر جانے سے روک دیا
لاہور (آئی این پی) پنجاب اسمبلی کے سیکورٹی سٹاف نے پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری و سابق وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ کو اندر جانے سے روک دیا۔ پیپلز پارٹی کی رکن فائزہ ملک کی مداخلت پر اندر جانے کی اجازت ملی، جبکہ آزاد سینیٹر سردار محسن خان لغاری کو سفارش کے بغیر ہی اجازت مل گئی۔ گزشتہ پانچ سال تک پنجاب اسمبلی کے رکن اور صوبائی وزیر رہنے والے تنویر اشرف کائرہ عام انتخابات میں شکست کے بعد جب پہلی مرتبہ پنجاب اسمبلی پہنچے تو مین گیٹ پر وہاں تعینات سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں اندر جانے سے روک دیا اور کہا کہ مہمانوں کا داخلہ بند ہے تاہم وہاں موجود پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی فائزہ ملک اور دیگر اراکین کی مداخلت پر انہیں اندر جانے کی اجازت دے دی گئی۔