شریف برادران ملک کو بحرانوں اور مشکلات سے نکالیں گے : ابوذر غفاری
شریف برادران ملک کو بحرانوں اور مشکلات سے نکالیں گے : ابوذر غفاری
لاہور (پ ر) ملک بھر سے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو کامیابی دلا کر ثابت کر دیا ہے کہ بحرانوں کی دلدل سے پھنسے ہوئے وطن عزیز کو میاں برادران کے علاوہ کوئی سیاسی لیڈر خوشحالی کی طرف گامزن نہیں کر سکتا۔ توانائی بحران کا حل انکی حکومت کے اقتدار میں آتے ہی اولین ترجیح ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) ٹریڈ رونگ لاہور ابوذر غفاری نے شمالی لاہور کے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی غزالی بٹ بھی موجود تھے۔ ابوذر غفاری نے کہا کہ محمد شہبازشریف کی تیسری مرتبہ وزیراعلی پنجاب کی نامزدگی انکی صوبے کی ترقی و خوشحالی کےلئے کئے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ میاں شہبازشریف کی دانشمندی کی بدولت نہ صرف لاہور بلکہ پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر پر کام کیا گیا، لیپ ٹاپ سکیم کے تحت غریب اور مستحق طالبعلموں کو جدید کمپیوٹر ملے جو خود ساری زندگی یہ سہولت حاصل نہ کر پاتے۔ طالبعلموں کو سولر لیمپس ملے، دانش سکولوں کی صورت میں غریب بچوں کو معیاری تعلیم ملی۔ گیارہ ماہ میں لاہور میٹروبس منصوبہ مکمل کر کے اور ڈینگی جیسی موذی وباءکا خاتمہ کر کے ساری دنیا کو حیران کر دیا۔ پچھلے پانچ سالوں کے دوران کاروباری طبقے نے جن مشکلات کا سامنا کیا ہے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت ان مشکلات سے بخوبی واقف ہے اور انشااللہ جلد اقتدار آ کر ان تمام مسائل پر قابو پا لے گی۔