آئندہ بجٹ متوازی‘ عوامی امنگوں کا ترجمان اور ٹیکس فری ہونا چاہئے
لاہور(لیڈی رپورٹر)قومی بجٹ2013-14 فلاحی،متوازن ،عوامی امنگوں کاترجمان اور ٹیکس فری ہونا چاہئے تاکہ مہنگائی سمیت لاتعداد مسائل میں گھرے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے اور انہیں مشکل وقت میںمسلم لیگ ن کو منتخب کرنے کافیصلہ درست محسوس ہو، عوام باشعور ہوچکے ہیںاور مسلم لیگ ن سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں، انہیں مایوس کرنا درست نہیں ہوگا، اس مرتبہ انہیں اعدادوشمار کے گورکھ دھندے میں الجھاکربیوقوف بنانے کی کوشش نہ کی جائے۔ خواتین ارکان پنجاب اسمبلی نے گزشتہ روز اسمبلی احاطے میںنوائے وقت سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کی ڈاکٹرنجمہ افضل،ڈاکٹرعالیہ آفتاب،راشدہ یعقوب نے کہا کہ بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف ملنا وقت کااہم تقاضاہے، اشیائے خوردونوش پرسبسڈی دی جائے، خواتین کیلئے خصوصی بجٹ مختص کیا جائے،جاگیرداروں کوٹیکس نیٹ میں لایاجائے۔ مسلم لیگ ن کی ثریانسیم،فرح منظور،کرن ڈار، نسیم لودھی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی امنگوں کے مطابق بجٹ لائے گی، عوام نے چودہ برسوںتک بہت مسائل برداشت کئے ، نئی حکومت خلوص دل سے ان مسائل کے سدباب کی ہرممکن کرے گی۔تحریک انصاف کی ڈاکٹر نوشین حامداورراحیلہ انور نے کہا کہ بجٹ عوام دوست ہوناچاہئے جومتوسط اور نچلے طبقے کو ریلیف دے سکے،تعلیم اور صحت کے بجٹ میں اضافہ کیاجائے۔ پیپلزپارٹی کی واحد رکن اسمبلی فائزہ ملک نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سے عوام نے بہت توقعات وابستہ کرلی ہیں اب ملک میں دودھ اورشہد کی نہریں بہنی اور مہنگائی ولوڈشیڈنگ سمیت تمام مسائل حل ہونے چاہئیں۔