فرید خان سپرد خاک‘ سابق ایم پی اے پر قتل کا مقدمہ‘ ہنگو میں ہنگامے جاری‘ 12 ہلاک
ہنگو (نیٹ نیوز + نوائے وقت رپورٹ) ہنگو میں دوسرے روز بھی کشیدگی برقرار اور کرفیو نافذ رہا جبکہ جلاﺅ گھیراﺅ اور ہنگاموں میں باپ بیٹے سمیت 8 افراد جاںبحق 6 زخمی ہو گئے جبکہ طالبان کمانڈر آصف کے ماں باپ اور دو بھائیوں کو گھر میں قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ایم پی اے فرید خان جنہیں گذشتہ روز محلہ سینگڑھ کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، کو گذشتہ روز آبائی گاﺅں درویزی پلوسہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ سنی سپریم کونسل کے چیئرمین مولانا عبدالستار نے پڑھائی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نماز جنازہ کے بعد ہنگو کی تمام اقوام کی مشاورت سے مولانا عبدالستار نے شہید فرید خان کے چھوٹے بھائی شاہ فیصل کو حلقہ پی کے 42 سے امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ ادھر شہر میں دوسرے روز بھی کاروباری مراکز سرکاری غیر سرکاری ادارے مکمل بند رہے جبکہ تمام امتحانات ملتوی کر دئیے گئے۔ گذشتہ رات بھر ہنگاموں کے دوران 8 افراد صفت خان، عبدالعزیز ان کے بیٹے عبدالرزاق، معیز خان، حسین اکبر، حکمت شاہ، عمران خان، رحمت شاہ شامل ہیں، 6 افراد زخمی ہو گئے۔ مشتعل افراد نے ایک پٹرول پمپ کئی دکانوں اور دفاتر کو آگ لگا دی جس کے بعد حالات پر قابو پانے کیلئے پولیس ایف سی اور سکاﺅٹس فورس کے دستوں نے شہر اور مضافاتی علاقوں میں گشت شروع کر دیا۔ ادھر گذشتہ روز فرید خان کے قتل کے الزام میں پکڑے گئے طالبان کمانڈر مفتی حامد اور ان کے 4 ساتھیوں کو فورسز نے نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔ علاوہ ازیں ایم پی اے فرید خان کے ساتھ حملے میں زخمی ہونیوالے ان کے بھائی شاہنواز خان جو پشاور کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ ادھر رات گئے پولیس نے ہنگو میں طالبان کمانڈر آصف کے گھر سے ان کے والدین اور دو بھائیوں کی نعشیں برآمد کر لیں، چاروں کو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر قتل کیا تاہم حملہ آوروں کا سراغ نہیں مل سکا۔ دریں اثناءپولیس نے ایم پی اے فرید خان کے قتل کا مقدمہ جے یو آئی (ف) کے سابق ایم پی اے عتیق الرحمن، ان کے بھائی شفیق الرحمن اور چچا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔