آئی پی ایل سپاک فکسنگ: سری نواسن‘ راجیو شکلا کے خلاف 88 ارب روپے کے شواہد وزیراعظم کو پیش
نئی دہلی/ممبئی (این این آئی/آئی این پی) بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی کے سربراہ رنجیت سنہا نے آئی پی ایل کے مستعفی ہونے والے سربراہ راجیو شکلا اور بی سی سی آئی کے صدر این سری نواسن کے خلاف آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ میں88 ارب روپے کی رقم کے ہیر پھیر اور سٹہ بازی میں ملوث ہونے کے شواہد پرائم منسٹر آفس کو پیش کر دئیے ہیں جس کے بعد وزیراعظم ہاﺅس نے نواسن کیخلاف تمام شواہد جلد سامنے لانے کے لئے سی بی آئی کو کلیئرنس دے دی ہے۔ ممبئی پولیس نے سری سانتھ سے تعلق کی بناءپر دو جنوبی بھارتی اداکاراو¿ں سے تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اداکارہ سنجنا اچاریہ اور ایک اور مشہور فنکارہ بھارتی پیسر کے ساتھ کئی مقامات پر اکھٹے دیکھی گئی تھیں۔ سنجنا اچاریہ نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی سری سانتھ کے ساتھ گھومنے نہیں گئیں۔ دو ہفتے تک پولیس کی حراست میں رہنے کے بعد بھارتی اداکار وندو دارا سنگھ اور چنائے سپر کنگز کے مالک گروناتھ می اپن کو آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ کیس میں ضمانت مل گئی۔ آئی پی ایل کرپشن کیس میں گرفتار بالی ووڈ ایکٹر وندو دارا سنگھ اور گروناتھ می اپن کی ضمانت کی درخواست کی سماعت گذشتہ روز ممبئی کی عدالت میں ہوئی تھی جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ عدالت نے وندو اور می اپن کو پچیس پچیس ہزار روپے کے ذاتی مچلکوں پر ضمانت دے دی۔ عدالت نے دونوں کوحکم دیا ہے کہ وہ کیس چلنے تک بھارت نہ چھوڑیں اور اپنے پاسپورٹ پولیس کے پاس جمع کرا دیں۔ عدالت نے دونوں کو ایک دن چھوڑ کر ممبئی کرائم برانچ کے سامنے پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔ ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں موجود وندواور می اپن کومعمول کی کارروائی کے بعد رہا کر دیا گیا۔ ممبئی پولیس کی جانب سے سپاٹ فکسنگ کیس میں گرفتار کئے گئے بکیز سمیت دیگر ملزمان کو بھی ضمانت مل گئی۔