• news

ہمیں تمام اندرونی وبیرونی خطرات سے نمٹنے کےلئے تیار رہنا چاہئے:سربراہ پاک فضائیہ

کراچی (آئی این پی) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے ہمیں تمام اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار رہنا چاہئے، یہ تبھی ممکن ہے کہ ہم سب ذہنی اور جسمانی طور پر تندرست رہیں اور ہمیں ایک دیانت دار پرعزم اور پراعتماد افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ پاک فضائیہ کے ہر فرد کو ایک ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا، ہمارے بڑوں نے انتہائی محنت سے تربیت کا یہ معیار حاصل کیا ہے اور ہمیں اس معیار کو مسلسل بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہئے، اپنی آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے کے لئے پاک فضائیہ ملکی اور غیر ملکی مشقوں میں حصہ لیتی ہے، تمام ممالک نے پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں، نظم وضبط کو سراہا ہے۔ انہوں نے منگل کو تربیتی سہولیات، صلاحیتیں اور تربیتی یونٹس پہ انتظامی ڈھانچہ کے جائزہ کے لئے سدرن ائر کمانڈ کی ایک ٹریننگ بیس کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے بیس پر موجود سولینز اور ائر مینوں سے ملاقات کی۔ وہ ورک سینٹرز، تکنیکی لیبارٹریز اور بیس کے سکول/کالج بھی گئے۔ ائر چیف نے پاک فضائیہ کی تربیتی یونٹس کی تیاریوں اور کوششوں کو سراہا۔ 

ای پیپر-دی نیشن