• news

اسلحہ کی عالمی تجارت روکنے کے لئے تاریخی معاہدے پر 62 ممالک نے دستخط کر دئیے

نیو یارک (رائٹرز+ثناءنیوز)نیویارک میں 62 سے زائد ملکوں نے اسلحے کی عالمی تجارت کو کنٹرول کرنے سے متعلق ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ امریکہ نے انکار کر دیا ہے۔ رواں برس اپریل میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اکثریتی طور پر اس معاہدے کی منظوری دی تھی۔ اس وقت ووٹنگ میں روس، چین، بھارت اور مصر غیر حاضر رہے تھے اب ان ممالک نے بھی اس پر دستخط کر دیے ہیں۔ اسلحے کی تجارت سے متعلق اقوام متحدہ کے بین الاقوامی معاہدے کے تحت پہلی مرتبہ ہتھیاروں کی برآمد کا کم از کم معیار مقرر کیا جا رہا ہے۔ اس معاہدے میں اس امر کو بھی خاص اہمیت دی گئی ہے کہ اسلحہ فروخت کرتے وقت نظر میں رکھا جائے گا کہ کہیں یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے تو استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ جرمنی اس معاہدے پر دستخط کرنے والے اولین ممالک میں شامل ہے۔ نیو یارک میں موجود جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے نے اسے ایک تاریخی معاہدہ قرار دیا ہے۔ اس معاہدے پر اس وقت تک عمل نہیں کیا جا سکتا جب تک اقوام متحدہ کے رکن کم از کم 50 رکن ممالک اس پر دستخط نہ کر دیں۔

ای پیپر-دی نیشن