این آر او عملدرآمد کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا: چیف جسٹس
اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ این آر او عملدرآمد کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، مقدمے کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اعجاز احمد چوہدری پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کی ۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب کے کے آغا نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری راجہ طاہر حسن اور سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کے خلاف نیب عدالتوں میں دائر کردہ ریفرنس کی تصدیق شدہ کا پیاں نہیں مل سکیں، لہذا مزید وقت دیا جائے تا کہ مجوزہ دائر کردہ ریفرنس کی کاپیاں عدالت میں پیش کی جا سکیں، احمد ریاض شیخ کے وکیل ڈاکٹر باسط نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل اور اوگرا کے سابق ایم ڈی عدنان خواجہ کے خلاف نیب نے جو کاروائی کرنی تھی وہ کی جا چکی ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ این آر او عملدرآمد کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، مقدمے کی مزید سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی گئی۔