امریکہ، چین، جرمنی کی نوازشریف کو مبارکباد، تعاون کی یقین دہانی
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ/نمائندہ خصوصی) امریکی حکومت نے نوازشریف کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت سے دوسری حکومت کو اقتدار منتقل ہونا تاریخی ہے، مشترکہ خطرات کا سامنا کرنے کیلئے پاکستانی حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے، دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان و دیگر ممالک سے تعاون جاری رہے گا، نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرامید ہیں۔ قبل ازیں چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے میاں محمد نوازشریف کو وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اپنے تہنیتی پیغام میں چینی وزیراعظم نے اپنی نیک تمناﺅں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان قومی ترقی میں نئی کامیابیاں حاصل کرے گا۔ علاوہ ازیں جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے وزیراعظم نوازشریف کو مبارکباد دی۔ جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ جرمنی کی حکومت سیاسی اور معاشی اصلاحات کی حمایت کرے گی۔ جرمنی اور پاکستان کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔